خاتون قیادت اور تخلیقی صلاحیتوں سے دنیا بدل رہی ہے: لیتھوانیا کی سفیر
خاتون قیادت اور تخلیقی صلاحیتوں سے دنیا بدل رہی ہے: لیتھوانیا کی سفیر نئی دہلی، 13 مارچ (ہ س)۔ ہندوستان میں جمہوریہ لیتھوانیا کی سفیر ڈائنا میکیویینے نے کہا ہے کہ آج کے عالمی سماج کی ترقی میں خواتین کی قیادت اور ان کی تخلیقی صلاحیتیں اہم ترین ستو
شکتی پرو پروگرام۔


خاتون قیادت اور تخلیقی صلاحیتوں سے دنیا بدل رہی ہے: لیتھوانیا کی سفیر

نئی دہلی، 13 مارچ (ہ س)۔ ہندوستان میں جمہوریہ لیتھوانیا کی سفیر ڈائنا میکیویینے نے کہا ہے کہ آج کے عالمی سماج کی ترقی میں خواتین کی قیادت اور ان کی تخلیقی صلاحیتیں اہم ترین ستون بن کر ابھری ہیں۔ ڈائنا میکیویینے نے یہ بات جمعرات کو نئی دہلی میں واقع اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) کے ’ناری سمواد پرکلپ‘ کی جانب سے منعقدہ 'شکتی پرو 2026' کی پروقار تقریب میں کہی۔ یہ پروگرام خواتین کی کامیابیوں اور معاشرے میں ان کے اہم کردار کے لیے وقف رہا۔

بطور مہمانِ خصوصی ڈائنا میکیویینے نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام بین الاقوامی ثقافتی مکالمے کو مضبوط کرتے ہیں۔ آئی جی این سی اے کے رکن سکریٹری ڈاکٹر سچیدانند جوشی نے کہا کہ آئی جی این سی اے کا ناری سمواد پرکلپ ہندوستانی روایت میں پنہاں خاتون طاقت کے مختلف پہلووں کو سامنے لانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ ہندوستانی ثقافت میں عورت کو تخلیق، علم اور طاقت کے طور پر دیکھا گیا ہے اور ایسی تقریبات اس روایت کو عصری تناظر سے جوڑتی ہیں۔

اس تقریب میں ادب سے لے کر موسیقی تک کے مختلف سیشنز شامل کیے گئے ہیں۔کاویہ گوشٹھی ( شعری نشست) میں دہلی یونیورسٹی اور جے این یو کی ممتاز دانشور خواتین جیسے پروفیسر میرا دوویدی، ڈاکٹر ممتا ترپاٹھی، ڈاکٹر انشو جوشی اور ڈاکٹر سونی پانڈے نے اپنی نظموں کے ذریعے ناری شکتی پر تبادلہ خیال کیا۔

پینل ڈسکشن میں ماونٹ ایورسٹ سر کرنے والی سب سے معمر ہندوستانی خاتون جیوتی راترے، ویدک پروہت آچاریہ شروتی شاستری، کمرشل پائلٹ کیپٹن دشا بھوریا اور کیب ڈرائیور ببلی جیسی متاثر کن شخصیات نے اپنے تجربات شیئر کیے۔

دوپہر کے سیشن میں پکھاوج، تبلہ اور ہارمونیم کی ’جگلبندی‘ کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر جیا تیواری کی قیادت میں ایک بینڈ پرفارمنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہندوستانی کلاسیکی اور جدید موسیقی کے سنگم کی پیشکش کی گئی۔

’شکتی پرو‘ کا بنیادی مقصد فن، تعلیم اور جرات کے میدان میں خواتین کی خدمات کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ پروگرام کا موضوع ’’ماتا بھومی: پترو اہم پرتھویا:‘‘ (یہ زمین میری ماں ہے اور میں زمین کا بیٹا ہوں) ناری شکتی اور فطرت کے گہرے تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔

اس موقع پر معزز مہمان کے طور پر وزارتِ ثقافت کی جوائنٹ سکریٹری للی پانڈے سمیت اسکالرز، فنکاروں، محققین اور ثقافتی شعبے سے وابستہ کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande