
کولکاتا، 13 مارچ (ہ س)۔ عظیم مجاہد آزادی نیتا جی سبھاش چندر بوس کے پڑپوتے چندر کمار بوس نے الزام لگایا ہے کہ نئی دہلی کے لال قلعہ احاطے میں واقع نیتا جی میوزیم سے نیتا جی کی تاریخی ٹوپی غائب ہے۔
بوس نے جمعرات کی رات دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ ذاتی طور پر نیتا جی کی ٹوپی وزیر اعظم نریندر مودی کو سونپی تھی۔ وزیر اعظم نے نیتا جی کے یوم پیدائش کے موقع پر 23 جنوری 2019 کو لال قلعہ کے نیتا جی میوزیم میں اس ٹوپی کی نمائش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اوپن پلیٹ فارم فار نیتا جی سے وابستہ ایک ایڈوکیٹ نوین بامل نے میوزیم کا دورہ کیا۔ ٹوپی پر مشتمل شیشے کا کیس خالی پایا گیا۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں سے پوچھ گچھ کے بعد بھی کوئی واضح معلومات نہیں مل سکی۔
چندر کمار بوس نے معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیتا جی ملک کے سب سے عظیم لیڈروں میں سے ایک تھے اور اس طرح کے تاریخی ورثے کا غائب ہونا انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مداخلت اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی تاریخی چیز واقعی گم ہو جاتی ہے تو اسے ایک طرح سے بے حرمتی تصور کیا جائے گا۔
دریں اثنا، سپریم کورٹ نے جمعرات کو نیتا جی سبھاش چندر بوس کے جسد خاکی کو جاپان سے ہندوستان واپس کرنے کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کردیا۔ عرضی گزار آشیش رائے کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے پیش ہوئے اور عرضی واپس لینے کی اجازت مانگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد