
بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی لیڈر مرزا عباس بیمار، سنگاپور لے جانے کی تیاری
ڈھاکہ، 13 مارچ (ہ س)۔ حکمراں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور وزیراعظم کے سیاسی مشیر مرزا عباس کو بہتر علاج کے لیے سنگاپور لے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ بی این پی میڈیا سیل کے رکن شیرالکبیر خان نے بتایا کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا، تو آج انہیں کسی بھی وقت ایئر ایمبولینس سے سنگاپور روانہ کیا جائے گا۔
ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق، کبیر جمعرات کی رات 10 بجے سے کچھ پہلے دارالحکومت کے ایور کیئر اسپتال میں زیرِ علاج مرزا عباس سے ملنے گئے۔ اس دوران انہوں نے عباس کی جسمانی حالت اور جاری علاج کے بارے میں ان کی اہلیہ سے معلومات حاصل کیں۔ بعد میں انہوں نے عباس کے بستر کے پاس کچھ وقت گزارا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
کبیر کے علاوہ پارٹی جنرل سکریٹری اور حکومت میں وزیر مرزا فخر الاسلام عالمگیر، وزیرِ سماجی بہبود ڈاکٹر اے جے ایم زاہد حسین، اور جماعت کے امیر نیز اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے بھی ان سے اسپتال میں ملاقات کی۔ مرزا عباس بدھ کو افطار کے دوران اچانک بیمار ہوگئے تھے۔ اسی رات انہیں ایور کیئر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن