
نئی دہلی،11مارچ(ہ س)۔ انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) دہلی اسٹیٹ کے زیر اہتمام پارٹی کا 78واں یومِ تاسیس بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر قائدِ ملت سینٹر، دریا گنج، نئی دہلی میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز پارٹی دفتر میں پرچم کشائی (فلیگ ہوسٹنگ) سے ہوا۔ بعد ازاں شرکاءکے لیے افطار اور عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں پارٹی کے ذمہ داران، کارکنان اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر پارٹی کے سرپرستِ اعلیٰ سید شہاب علی تھنگل نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک میں جمہوری اقدار، آئینی حقوق اور اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تاریخ خدمت، قربانی اور اصولی سیاست سے عبارت ہے اور کارکنان کو چاہیے کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کے حل اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کرتے رہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دہلی پردیش صدر مولانا نثار احمد نقشبندی نے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ نے ہمیشہ آئینِ ہند اور جمہوری اقدار کے تحفظ کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔ انہوں نے کارکنان کو پیغام دیا کہ وہ اتحاد، تنظیم اور خدمت کے جذبے کے ساتھ پارٹی کے مشن کو آگے بڑھائیں اور سماج کے کمزور و محروم طبقات کی آواز بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا یومِ تاسیس ہمیں اپنی تاریخ، جدوجہد اور ذمہ داریوں کو یاد کرنے اور انہیں آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر انڈین یونین مسلم لیگ کے پانچ ممبران پارلیمنٹ میں سے تین ممبرانِ پارلیمنٹ حارث بیران،عبدالصمد صمدانی،پی وی عبدالوہاب، نے بھی اپنے پیغامات کے ذریعے کارکنان کو مبارکباد پیش کی اور پارٹی کی جدوجہد کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پارٹی ہمیشہ جمہوریت، آئین اور سماجی انصاف کے تحفظ کے لیے سرگرم رہی ہے اور مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔تقریب میں پارٹی کے نیشنل سیکرٹری خرم انیس عمر، یوتھ لیگ کے قومی صدر آصف انصاری ،مولانا معین الدین انصاری،اتیب خان،نور شمش بیگ سمیت دیگر ذمہ داران اور کارکنان بھی موجود تھے۔ پروگرام میں شریک افراد نے پارٹی کے بانیان اور بزرگ رہنماو ¿ں کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پارٹی کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناو ¿ں کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکائ کے درمیان باہمی تبادلہ خیال ہوا اور افطار و عشائیہ کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais