
علی گڑھ، 11 مارچ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ملاپورم سینٹر، کیرالہ میں قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے موضوع پر آٹھ روزہ اورینٹیشن پروگرام یو جی سی مالویہ مشن ٹیچر ٹریننگ سینٹر (ایم ایم ٹی ٹی سی)، اے ایم یو، علی گڑھ کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے۔ 7 مارچ سے 16 مارچ تک جاری رہنے والے اس پروگرام کا مقصد اساتذہ کو قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے وژن، مقاصد اور اس کے نفاذ کی حکمت عملی سے روشناس کرانا ہے، جس میں جدید تدریسی طریقوں، تعلیمی ٹکنالوجی اور علمی قیادت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
پروگرام کے کورس کوآرڈینیٹر اور شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن، اے ایم یو ملاپورم سینٹر کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حمزہ وی کے نے استقبالیہ خطاب میں این ای پی 2020 کے انقلابی وژن کو اجاگر کرتے ہوئے اساتذہ کے لیے مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔ یو جی سی ایم ایم ٹی ٹی سی، اے ایم یو، علی گڑھ کی پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر فائزہ عباسی نے بدلتے ہوئے اعلیٰ تعلیمی منظرنامے کے مطابق اساتذہ کو تیار کرنے میں تربیتی پروگراموں کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ اے ایم یو ملاپورم سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ایم شاہ الحمید نے این ای پی 2020 کے مقاصد کے مطابق تعلیمی اداروں کے کردار پر زور دیتے ہوئے اختراع، کثیر شعبہ جاتی تعلیم اور تدریس و تحقیق میں ٹکنالوجی کے انضمام کی اہمیت بیان کی۔
پروگرام کے پہلے دن یو جی سی ایم ایم ٹی ٹی سی، سنت گاجے بابا امراؤتی یونیورسٹی، امراؤتی کے پروگرام ڈائریکٹر پروفیسر ایم عتیق نے تعلیمی ٹکنالوجی کے موضوع پر تکنیکی سیشن پیش کیے، جن میں انہوں نے اعلیٰ تعلیم میں تدریس و تعلم کو مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل آلات اور ابھرتی ہوئی ٹکنالوجی کے استعمال پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس پروگرام کے دوران نصاب کی تیاری، علمی قیادت، پائیدار ترقی، تعلیم میں آئی سی ٹی، اسکل ڈیولپمنٹ، ہندوستانی تدریسی طریقے، تحقیق و ترقی، مصنوعی ذہانت اور شماریاتی تدریسی آلات، جامع تعلیم اور اعلیٰ تعلیم و سماج جیسے اہم موضوعات پر بھی سیشن منعقد کیے جائیں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ