
کاٹھمنڈو، 4 فروری (ہ س)۔کاٹھمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے سے استنبول، ترکی جانے والی ترکش ایئر لائن کے دائیں انجن میں آگ لگ گئی۔ اس کے بعد طیارہ کو کولکاتا، بھارت کی طرف موڑ دیا گیا۔
ہوائی اڈے کے جنرل منیجر ٹیکناتھ سیٹولا کے مطابق ترکش ایئرلائنز کے طیارے نے بدھ کو دوپہر 1 بجکر 28 منٹ پر تریبھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری لیکن پرواز کے چار منٹ کے اندر ہی ترک طیارے کے کپتان نے دائیں انجن میں آگ لگنے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد عملے نے طیارے کا رخ مغرب کی طرف کر دیا، دائیں انجن کو بند کیا اور اسے 10 سے 12 منٹ تک روکے رکھا۔ ان کے مطابق یہ ترکش ایئر لائنز اے330-303 سیریز کا وائیڈ باڈی طیارہ تھا جس میں کل 225 مسافر سوار تھے۔ جیسے ہی دائیں انجن میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، احتیاط کے طور پر تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 15 منٹ کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔
جنرل منیجر سیٹولا نے کہا کہ ایئرپورٹ کو فائر بریگیڈ اور ایمبولینس سمیت تمام ضروری حفاظتی انتظامات کے بعد بند کر دیا گیا۔ دریں اثنا، ترکش ایئر لائن کے عملے نے بتایا کہ طیارے کا رخ کولکاتا، بھارت کی طرف موڑ دیا گیا۔ سیٹولہ کے مطابق آگ لگتے ہی دائیں انجن کو بند کرنے کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس کے بعد ترک ایئر لائن کے طیارے کو صرف بائیں انجن کا استعمال کرتے ہوئے کولکاتا کی طرف موڑ دیا گیا۔ فی الحال، ترکش ایئر لائنز کا طیارہ کولکاتا میں بحفاظت اتر گیا ہے۔ ہمارا ہوائی اڈہ بھی اب معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی