
نئی دہلی،03فروری(ہ س)۔یونیورسٹی پلیسمنٹ سیل(یو پی سی) جامعہ ملیہ اسلامیہ نے انتیس تا تیس جنوری دوہزار چھبیس کو ’ایسنگ کیس انٹرویوز اینڈ اسٹوری ٹیلنگ فار جابس ان کنسلٹنگ‘ کے موضوع روزگار بڑھانے سے متعلق دوروزہ ورکشاپ منعقد کیا۔پروگرام میں ایم بی اے، بی ٹیک، بی بی اے،بی کام اور ایم اے اور بی۔اے اکونومکس کے تقریباً سو طلبہ نے شرکت کی۔ پروفیسر راحیلہ فاروقی (اعزازی ڈائریکٹر،یو پی سی) کے خطبہ استقبالیہ سے پروگرام شروع ہوا۔ااس کے بعد پروفیسر ریحان خان سوری (ڈائریکٹر،سی آئی ای، اینڈ پروفیسر ٹی پی او) نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بتائے۔پروگرام کا باقاعدہ افتتاح مہمان خصوصی پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،(مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ)،مہمان اعزازی جناب سنجے کھورانا(ڈائریکٹر،کے پی ایم جی) کے دست مبارک سے ہوا۔دونوں مندوبین نے اس موقع پر ارتقا پذیر کارپوریٹ منظر نامے کے حوالے سے بصیرت افروز نقطہ ہائے نظر ساجھا کیے اور طلبہ کو کیریئر کے سفر میں افضلیت کی خاطر کوشاں رہنے کی تحریک وتشویق دلائی۔پروفیسر صباح خان(اعزازی ڈائریکٹر، یو پی سی)کے اظہار تشکر پر افتتاحی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ورکشاپ کے پہلے دن یعنی انتیس جنوری دوہزار چھبیس کو تکنیکی اجلاس میں پرسنل برانڈنگ کے موضوع پر گفتگو ہوئی۔پہلے اجلاس کا عنوان ’ریلے انگ یور اسٹوری بیانڈ یور ریزومے‘ تھا جس پر جناب انصب عامر خان (سابق ہوم سینٹر)نے روشنی ڈالی۔ علمی اور پیشہ ورانہ پروفائل کے ارد گرد اہم بیانیوں کو سمجھنے کی طرف انہوں نے طلبہ کی رہنمائی کی۔جناب عادل خان (سابق بین) نے دوسرے اجلاس میں ’فرام پرابلم ٹو ریکمینڈیشن‘ کے عنوان سے اپنے تجربات و مشاہدات ساجھا کرتے ہوئے کیس انٹرویو عمل پر مہارت اور کاروبار کے پیچیدہ مسائل کو کارگر انداز میں منظم کرنے پر تفصیل سے بات کی۔
دوسرے دن یعنی مورخہ تیس جنوری دوہزار چھبیس کو بھی وہی جوش وخروش اور توانائی نظر آئی اور صنعت مرکوز اجلاس منعقد ہوئے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق طالب علم جناب محمد عارف راو¿(ایس سے پی لیپس انڈیا) نے ’دی آرٹ آف اسٹوری ٹیلنگ‘ کے موضوع پر شرکا کے ساتھ اپنے تجربات ساجھا کیے۔پیشہ ورانہ ماحول میں بیانیوں کی اہمیت کے سلسلے میں انہوں نے انتہائی دلچسپ اور معلوماتی گفتگو کی۔اس کے بعد ’کنسلٹنٹ ٹول کٹ‘ کے موضوع پر جناب آدتیہ سنگھ (کے پی ایم جی) کا سیشن ہوا جنہوں نے عالمی کنسلٹنگ کمپنیوں کے ضروری ٹول اور فریم ورک سے متعلق اہم معلومات طلبہ کو بتائیں۔اس دن کا آخری سیشن ’آر یو کنسلٹنگ ریڈی‘ کے عنوان سے جناب امیم فاطمی کا ہوا جس میں انہوں نے طلبہ کے سامنے ایک منظم و مرتب روڈمیپ رکھا جس سے کہ وہ صنعتوں میں جانے کی اپنی آمادگی کا جائزہ لے سکیں۔الوداعی اجلاس کے انعقاد کے ساتھ ورکشاپ کا اختتام ہوا جس میں شرکا کو اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر پروفیسر صباح خان نے پروگرام کے کامیاب انعقاد اور طلبہ کی پرجوش شرکت کے سلسلے میں اظہا رخیال کیا۔
اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر راحیلہ فاروقی نے پروفیسر ریحان خان سوری (ڈائریکٹر،سی آئی ای اینڈ پروفیسر ٹی پی او) اور پروفیسر صباح خان (نائب ڈائریکٹر)نے عزت مآب شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ،پروفیسر مظہر آصف اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کا ان کے مستقل تعاون اور سرپرستی و رہنمائی کے لیے صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔ ورکشاپ کے کامیاب انعقاد کے لیے انہوں نے محمد رازق خان، صبا کلام،روبے ریحانہ،عبدالرشید اور شکور خان پر مشتمل پلیسمنٹ سیل کی ٹیم کے ساتھ ساتھ طلبہ اوررضاکاروں کی انتھک کوششوں کا بھی تشکر کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais