
علی گڑھ، 3 فروری (ہ س)۔
انڈین ڈاکٹرس فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ (IDPD) کے زیرِ اہتمام علی گڑھ نمائش کے مُکتاکاش منچ پر ’ہیلتھ فار آل کنونشن‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد معاشرے کے تمام طبقات تک بہتر صحت سہولیات کی رسائی اور صحت کے تئیں بیداری پیدا کرنا تھا۔پروگرام کا افتتاح سابق میئر علی گڑھ اور آئی آئی سی سی دہلی کے نائب صدر محمد فرقان نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ صحت کسی ایک طبقے تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے اس طرح کے پروگراموں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے منتظمین کی ستائش کی۔اس موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈین اسٹوڈنٹ ویلفیئر پروفیسراطہر انصاری بطورِ مہمانِ خصوصی موجود رہے۔
انہوں نے صحت اور تعلیم کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک صحت مند معاشرہ ہی بہتر قوم کی تعمیر میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔پروگرام میں ڈاکٹر محمد طیب (سی ایم ایس، ایم ایل جی ضلع خواتین اسپتال، علی گڑھ) نے بطورِ مہمانِ اعزازی شرکت کی اور صحت خدمات سے متعلق اہم نکات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔خصوصی مہمان کی حیثیت سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پبلک ریلیشن آفیسر عمر پیرزادہ بھی موجود رہے اور انھوں صحت کے تعلق سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذریعہ کئے جارہے کاموں کو بتایا۔ پروگرام کی صدارت پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف (ڈین،اجمل خان طبیہ کالج، اے ایم یو) نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ڈاکٹروں کی سماجی ذمہ داری نہایت اہم ہے۔کنونشن میں ماہر مقررین کے طور پر ڈاکٹر شمشاد عالم، ڈاکٹر محمد سہیل اختر، ڈاکٹر عرشی ریاض نے صحت سے متعلق مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔پروگرام کی نظامت ڈاکٹر ریحان اختر (شعبۂ تھیالوجی، اے ایم یو) نے انجام دی، جبکہ طلبہ کوآرڈینیٹر کے طور پر ڈاکٹر فواز ناصر اور نوید عالم نے سرگرم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر انڈین ڈاکٹرس فار پیس اینڈ ڈیولپمنٹ کے صدراور کنویشن کے کنوینر ڈاکٹر مدثر علی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد انس اور آرگنائزنگ سیکریٹری محمد کامران نے تمام معزز مہمانوں، مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ بھی اس طرح کے عوامی فلاحی پروگراموں کے ذریعے معاشرے میں صحت کے حوالے سے بیداری کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ اس کنونشن میں تزکیہ اسلامک اسکول اور عائشہ ترین پبلک اسکول کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ