
نئی دہلی،3 فروری،(ہ س) ۔ مقدس ماہ رمضان کے قریب آتے ہی حج بیت اللہ کی تیاریوں میں تیز رفتاری شروع ہوگئی ہے۔ دلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی جانب سے بتایا گیا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے ریاست دہلی سے مقدس فریضہ حج بیت اللہ کے لیے جانے والے عازمین حج کو حج سے متعلق ارکان اور معاملات و مسائل کی تربیت فراہم کرنے کے لیے 2 فروری سے 17 فروری تک حج تربیتی پروگرام کا انعقاد کیاہے۔ اس تربیتی پروگرام میں دہلی کے مختلف علاقوں کے عازمین حج کو الگ الگ دنوں میں مدعو کر کے مفصل تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی،حج کمیٹی کے آفیشیل ٹرینر کے علاوہ معروف فٹنس ٹرینرڈاکٹر بدرالاسلا کیرانوی، مفتی شمیم احمد قاسمی، عالمہ صبیحہ صالحاتی اور خاتون فٹنس ٹرینر کوثر نے مختلف سیشن میں حجاج کرام کی تربیت فراہم کی۔حجاج کو تربیت فراہم کرنے کا دوسرا مرحلہ ماہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہوگا جس میں علاقائی سطح پر دہلی کے مختلف حصوں میں عازمین حج کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ ایگزیکٹو آفیسر اشفاق عارفی نے بتایا کہ اس درمیان عازمین کو ویکسین لگانے اور وزارت صحت و وزارت حج و عمرہ حکومت سعودی عربیہ کی حجاج کرام کی صحت سے متعلق ہدایات کے تحت وزارت صحت و خاندانی بہبود سے جاری وزارت صحت حکومت ہند کے رہنما خطوط کی روشنی میں محکمہ صحت حکومت دہلی کے ذریعے دہلی کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں حجاج کی خصوصی صحت جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے جس کے لیے تمام عازمین حج سے اپیل کی گئی ہے کہ رمضان المبارک کے روزوں کی ابتدا سے پہلے پہلے اپنی صحت کی جانچ اور ویکسین لینے کا عمل ضرور مکمل کروالیں تاکہ تاخیر ہونے کی صورت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حج 2026 کے عازمین کو وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اپنی پسند اور سہولت کی حج پرواز خود ہی بک کرنے کا اختیار دیا گیاہے۔ حج بیت اللہ کی تاریخ میں پہلی بار اس سہولت کی فراہمی نہ صرف عازمین حج کے لیے اطمینان کا باعث ہوگی بلکہ سعودی عربیہ میںحج انتظامات میں مصروف انتظامیہ کو بھی حجاج کی رہائش کے بروقت تعین میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ اس سال حج کے دوران قیام حج کے بنیادی پانچ ایام یعنی ایام حج کے دوران قیام میں بھی قیام کی بہتر سہولیات میسر ہونگی جس کے تحت ہر حاجی کو مخصوص اور متعین سوفہ بیڈ اور سامان رکھنے کے لیے بالائی ریک بھی دیے جائیں گے۔ حج 2026 کے دوران دیگر قابل ذکر تبدیلیوں میں مکہ میں خواتین اور مردوں کا الگ الگ کمروں میں قیام اور گزشتہ برسوں کے برعکس خود سے کھانا بنانے کی ممانعت اور کھانا بنانے کے لیے راشن،گھی تیل مسالہ اور دیگر اشیاءلے کر حج پر جانے پر پابندی بھی شامل ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais