
ممبئی، 7 نومبر(ہ س)۔ باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرنے والی فلم ’ہنومان انش‘ اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ نیم کروڑی بابا کی زندگی سے متاثر اس فلم کا ڈیجیٹل پریمیئر 27 نومبر کو سونی لیو پر ہوگا۔فلم کے ہدایت کار وشال چترویدی نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ سینما گھروں میں ناظرین سے بھرپور محبت حاصل کرنے کے بعد اب یہ فلم گھر بیٹھے ناظرین تک پہنچے گی۔ او ٹی ٹی پر فلم کی ریلیز کا طویل عرصے سے انتظار کر رہے مداحوں کے لیے یہ خوشخبری ہے۔
محض دو کروڑ روپے کے بجٹ میں تیار کی گئی اس فلم میں کوئی بڑا اسٹار شامل نہیں تھا، اس کے باوجود اس نے کمائی کے معاملے میں کئی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فلم کی کہانی لکشمی نارائن نامی ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی ماں کے انتقال کے بعد زندگی، موت اور خدا سے متعلق سوالات کے جوابات تلاش کرنے نکل پڑتا ہے۔شمالی ہندوستان کے روحانی سفر کے دوران اسے زندگی کے کئی مشکل تجربات سے گزرنا پڑتا ہے اور یہی سفر اسے نیم کروڑی بابا کے طور پر ایک نئی شناخت تک پہنچاتا ہے۔ فلم میں مرکزی کردار شوبھینو ستیہ نے ادا کیا ہے۔
ابتدا میں سست کمائی کے باعث فلم کو باکس آفس پر کمزور تصور کیا جا رہا تھا، لیکن ناظرین کی پذیرائی کے سبب اس کی آمدنی میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔ فلم نے ہندوستان میں 342.44 کروڑ روپے اور دنیا بھر میں 452.86 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔سینما گھروں میں تقریباً 80 دنوں تک برقرار رہنے والی اس فلم نے آٹھویں ہفتے میں 300 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرکے کامیابی کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan