
ممبئی، 6 نومبر (ہ س)۔ اداکار سلمان خان کی آنے والی فلم ’ماتر بھومی: مے وار ریسٹ ان پیس‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ جمعہ کو منعقدہ فلم کے ٹریلر لانچ پروگرام میں سلمان خان نے اعلان کیا کہ یہ فلم 4 دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ اس موقع پر انہوں نے فلم کی اسکرپٹ میں تبدیلی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کسی بھی طرح کے دباو کی خبروں کو بھی مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکرپٹ دوبارہ لکھنے کے لیے کہے جانے کی باتیں بالکل غلط ہیں۔
سلمان نے فلم کی کہانی کے بارے میں بتایا کہ اس میں فوجی جوانوں کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کی جدوجہد کو بھی دکھایا گیا ہے۔ فلم میں دونوں جانب کے فوجیوں کے حالات اور انہیں درپیش چیلنجوں کو سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اداکار کے مطابق، کہانی کسی بھی فریق کو منفی انداز میں پیش کرنے کے بجائے ان حالات پر مرکوز ہے، جن میں فوجیوں کو ملک اور اپنے ذاتی رشتوں کے درمیان مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی جوانوں کے لیے ملک سب سے مقدم ہوتا ہے۔
فلم کی ریلیز میں تاخیر کے بارے میں سلمان نے اپنے مخصوص انداز میں کہا، ”اس بار میں تاخیر نہیں کر رہا ہوں، وی ایف ایکس میں تاخیر ہوئی ہے۔“ پہلے یہ فلم اپریل 2026 میں ریلیز ہونے والی تھی۔ وہیں، فلم کے گانے ’میری سیکسی بیوٹی‘ پر اٹھنے والے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلم دیکھنے کے بعد شائقین کو سمجھ آجائے گا کہ اس گانے کو کہانی میں کس طرح شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فلم میں گانوں کے دوران بہت کم مناظر رکھے گئے ہیں۔ اپورو لاکھیا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ چترانگدا سنگھ اہم کردار میں نظر آئیں گی۔
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد