
ممبئی، 06 نومبر (ہ س)۔ ہارر اور سسپنس سے بھرپور فلم ’جھاڑ پھونک‘ او ٹی ٹی پلیٹ فارم جیو ہاٹ اسٹار پر شائقین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ 30 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی یہ فلم پلیٹ فارم پر انگریزی فلم ’آبسیشن‘ کے بعد دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کر رہی ہے، جبکہ ہندی فلموں کی فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔ فلم کی کہانی جنگل، پراسرار حویلی اور اساطیری واقعات کے گرد گھومتی ہے، جو شائقین کو خوف اور سنسنی کا تجربہ کراتی ہے۔
فلم کی کہانی اتراکھنڈ کی پہاڑیوں میں رہنے والی آستھا کی زندگی میں آنے والی ایک بڑی تبدیلی کو پیش کرتی ہے۔ سڑک حادثے کے بعد حاملہ آستھا ایک نامعلوم حویلی میں پناہ لیتی ہے۔ وہاں رہنے والا خاندان ابتدا میں مددگار دکھائی دیتا ہے، لیکن جلد ہی حویلی میں عجیب و غریب واقعات پیش آنے لگتے ہیں۔ اسی دوران اس کا ساتھی اچانک لاپتہ ہو جاتا ہے۔ اپنے ہونے والے بچے کی حفاظت اور ساتھی کی تلاش کے درمیان آستھا کئی رازوں میں الجھ جاتی ہے۔ حویلی میں رہنے والوں کا رویہ اور آس پاس کے جنگل میں پیش آنے والے واقعات کہانی کے تجسس اور سسپنس کو مسلسل بڑھاتے رہتے ہیں۔
راجن رام گوپال ورما کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں یشپال شرما، پدمنی کولہاپوری ، سمبل توقیر خان، ہرش راجپوت اور اپرتم سنگھ اہم کرداروں میں ہیں۔
سمبل نے آستھا کے کردار میں خوف اور جذباتی کشمکش کو پردہ سیمیں پر پیش کیا ہے، جبکہ یشپال شرما اپنی مو¿ثر اداکاری سے کہانی کو مزید اثر انگیز بناتے ہیں۔ پدمنی کولہاپوری اور دیگر فنکاروں نے بھی فلم میں اسرار اور سنسنی کا ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نیو انٹرٹینمنٹ انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے بینر تلے بننے والی اس فلم کے پروڈیوسر شیلش پرہار اور شریک پروڈیوسر ورندا برہم بھٹ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد