
ممبئی 5 نومبر( ہ س ) ۔ اداکار سنی دیول ان دنوں فلم ’رامائن‘ میں ہنومان کے کردار کو لے کر سرخیوں میں ہیں۔ فلم کے اختتامی مناظر کے بعد دکھائے جانے والے منظر میں ان کی ایک جھلک نظر آئی ہے، حالانکہ اس میں ان کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔ اسی دوران سنی دیول نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کیا ہے، جس میں وہ اپنے بیٹے کرن دیول کے ساتھ والد دھرمیندر کے فارم ہاؤس پہنچے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
سنی نے انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ویڈیو میں فارم ہاؤس پر جاری کھیتی باڑی کے کام کی جھلک دکھائی ہے۔ ویڈیو میں سنی اور کرن کھیتوں میں فصل سے متعلق سرگرمیوں کا بغور جائزہ لیتے نظر آ رہے ہیں۔ اس دوران پس منظر میں جذباتی موسیقی بھی سنائی دے رہی ہے۔
ویڈیو کے ساتھ سنی نے لکھا، ’’آپ کی یاد آ رہی ہے پاپا۔‘‘ ان کی اس پوسٹ سے والد کے تئیں ان کی گہری محبت اور جذباتی وابستگی کا اظہار ہوتا ہے۔
دھرمیندر کا یہ فارم ہاؤس ممبئی کے قریب لوناولا اور کھنڈالا کی پہاڑیوں میں واقع ہے۔ تقریباً 100 ایکڑ میں پھیلی اس جائیداد میں چاروں طرف ہریالی اور گاؤں جیسا ماحول ہے۔
دھرمیندر فلمی دنیا کی مصروفیات سے دور یہاں وقت گزارا کرتے تھے۔ فارم ہاؤس میں بیٹھنے کے لیے وسیع کھلی جگہ اور سوئمنگ پول بھی موجود ہے۔
واضح رہے کہ دھرمیندر کا 24 نومبر 2025 کو 89 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد