
ممبئی، 3 نومبر (ہ س)۔ بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے 2 نومبر کو اپنی 61ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر فلمی دنیا کی کئی معروف شخصیات نے سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں مبارکباد پیش کی۔
تاہم، شاہ رخ کا ایک جواب سب سے زیادہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے، جو انہوں نے سلمان خان کے سالگرہ کے پیغام پر دیا۔ سلمان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شاہ رخ کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا نیا گانا شیئر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا، ’’سالگرہ مبارک ہو شاہ رخ، ہمیشہ جوان رہو۔ ’دی کنگ‘، یہی میری دعا ہے۔‘‘
سلمان کے اس پیغام کا جواب دیتے ہوئے شاہ رخ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا، ’’آپ نے کہا تھا کہ بغیر شرٹ کے اچھی باڈی ہے، بس اسی بات کے لیے میں نے اتنی محنت کی۔ بھائی، میں آپ سے ہمیشہ بہت پیار کرتا ہوں۔‘‘
دونوں سپر اسٹارز کے درمیان ہونے والی اس دلچسپ گفتگو نے سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ شاہ رخ کے اس مزاحیہ جواب سے دونوں کے درمیان دوستی اور باہمی اپنائیت بھی ظاہر ہوتی ہے۔
وہیں، اپنی سالگرہ کے موقع پر شاہ رخ نے اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کا پہلا گانا ’تو مل جائے‘ بھی ریلیز کیا۔ اس رومانوی گانے میں ان کے ساتھ دیپیکا پدوکون نظر آ رہی ہیں۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، سہانا خان، ارشد وارثی، ابھیے ورما، جے دیپ اہلاوت اور راگھو جوئیال سمیت کئی فنکار اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی