57ویں اِفّی کا پنچی میں اختتام، فلم ’اکی‘ کوگولڈن پیکاک ایوارڈ؛ ’کانتارا: اے لیجنڈ چیپٹر 1‘ کے لیے رشبھ شیٹی بہترین اداکار قرار
پنچی، 28 نومبر (ہ س)۔ گوا میں منعقدہ 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفّی) کا ہفتہ کے روز اختتام ہوگیا۔ اس موقع پر فلم ’اکی‘ کو بہترین فلم کے باوقار ’گولڈن پیکاک‘ ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ اداکار اور فلم ساز رشبھ شیٹی نے فلم ’کانتارا: اے
57ویں اِفّی کا پنچی میں اختتام، فلم ’اکی‘ کوگولڈن پیکاک ایوارڈ؛ ’کانتارا: اے لیجنڈ چیپٹر 1‘ کے لیے رشبھ شیٹی بہترین اداکار قرار


پنچی، 28 نومبر (ہ س)۔ گوا میں منعقدہ 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفّی) کا ہفتہ کے روز اختتام ہوگیا۔ اس موقع پر فلم ’اکی‘ کو بہترین فلم کے باوقار ’گولڈن پیکاک‘ ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ اداکار اور فلم ساز رشبھ شیٹی نے فلم ’کانتارا: اے لیجنڈ چیپٹر 1‘ کے لیے بہترین اداکار (مرد) کا ’سلور پیکاک‘ ایوارڈ اور ’اسپیشل مینشن‘ دونوں اعزاز اپنے نام کرلیے۔

نو روزہ اس عظیم الشان فلمی میلے کی اختتامی تقریب میں معروف جرمن فلم ساز وولکر شلینڈورف کو ان کی فلم ’وزیٹیشن‘ کے لیے بہترین ہدایت کار کا ’سلور پیکاک‘ ایوارڈ دیا گیا، جبکہ مایا او رورک کو فلم ’دی میلٹ ڈاو¿ن‘ کے لیے بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔

لوکاس اے وِگنالے کی فلم ’دی ریور ٹرین‘ کو ’اسپیشل جیوری ایوارڈ‘ سے نوازا گیا، جبکہ ’دی گولڈن ایج (ایل ایج ڈی اور)‘ نے کسی ہدایت کار کی بہترین پہلی فیچر فلم کا ’سلور پیکاک‘ ایوارڈ حاصل کیا۔

ہندوستانی اور خصوصی زمروں میں ڈاکٹر وشال چترویدی نے فلم ’ہنومان انش‘ کے لیے ہندوستانی فیچر فلم کے بہترین نوآموز ہدایت کار کا ایوارڈ جیتا، جبکہ ’میڈ اِن انڈیا: اے ٹائٹن اسٹوری‘ کو بہترین ویب سیریز (او ٹی ٹی) کا ایوارڈ دیا گیا۔

معروف ’آئی سی ایف ٹی۔ یونیسکو گاندھی میڈل‘ ترکی کی فلم ’رحمہ‘ کو دیا گیا، جس کی ہدایت کاری فیصل سوئیصال نے کی ہے۔ تقریب میں گوا کے فلم ساز آدتیہ سوہاس جمبھالے کو بھی خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے فلمی دنیا سے وابستہ شخصیات کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ ساحلی ریاست گزشتہ 22 برسوں سے کامیابی کے ساتھ اِفّی کا انعقاد کررہی ہے۔ انہوں نے فیسٹیول کے ڈائریکٹر اور معروف فلم ساز آشوتوش گوواریکر کی جانب سے اس سال کی تھیم ’اسٹوریز وِد آؤٹ بارڈرس‘ (سرحدوں سے ماورا کہانیاں) تجویز کرنے کی ستائش کرتے ہوئے کہا، ”دنیا ایک اسٹیج ہے اور سنیما اس کا خوبصورت آئینہ ہے۔“

وزیر اعلیٰ نے فیسٹیول کی وسعت اور اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال روس شراکت دار ملک تھا اور نو دنوں کے دوران مجموعی طور پر 17 سیشن منعقد کیے گئے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے ملک کے نوجوان تحقیق، ڈیجیٹلائزیشن اور اختراع کے ذریعے ’وکست بھارت‘ کی تعمیر کریں گے۔

اختتامی تقریب میں مرکزی سکریٹری برائے اطلاعات و نشریات چندر کمار، نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے چیئرمین جی کرشن کمار اور فیسٹیول کے ڈائریکٹر آشوتوش گوواریکر سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔

57ویں اِفّی کے ایوارڈ یافتگان کی مکمل فہرست:

- گولڈن پیکاک (بہترین فلم): اکی

- سلور پیکاک (بہترین ہدایت کار): وولکر شلینڈورف (وزیٹیشن)

- سلور پیکاک (بہترین اداکار۔ مرد): رشبھ شیٹی (کانتارا: اے لیجنڈ چیپٹر 1)

- سلور پیکاک (بہترین اداکارہ۔ خاتون): مایا او رورک (دی میلٹ ڈاو¿ن)

- اسپیشل جیوری ایوارڈ: دی ریور ٹرین (ہدایت کار: لوکاس اے وِگنالے)

- سلور پیکاک (ہدایت کار کی بہترین پہلی فیچر فلم): دی گولڈن ایج (ایل ایج ڈی اور)

- خصوصی تذکرہ (اسپیشل مینشن): رشبھ شیٹی (کانتارا: اے لیجنڈ چیپٹر 1)

- ہندوستانی فیچر فلم کے بہترین نوآموز ہدایت کار: ڈاکٹر وشال چترویدی (ہنومان انش)

- بہترین ویب سیریز (او ٹی ٹی): میڈ اِن انڈیا: اے ٹائٹن اسٹوری

- آئی سی ایف ٹی۔ یونیسکو گاندھی میڈل: رحمہ (ہدایت کار: فیصل سوئیصال، ترکی)

- خصوصی اعزاز: آدتیہ سوہاس جمبھالے (فلم ڈائریکٹر، گوا)

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande