
پنجی، 27 نومبر (ہ س)۔ ہندوستان کے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں جمعہ کو آبادیاتی تبدیلیوں اور ان کے دور رس اثرات پر مبنی اہم دستاویزی فلم ’ڈیموگرافی از ڈیسٹنی‘ کی نمائش کی گئی۔ اس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آبادی میں غیر متناسب اضافہ جاری رہا تو اگلے 30 سے 35 برسوں میں ہندوستان کے اصل باشندے اقلیت میں تبدیل ہو جائیں گے۔
معروف صنعت کار اور ہندوستھان سماچار کے ڈائریکٹر رویندر سنگھوی کی تیار کردہ اور کاماکھیا نارائن سنگھ اور انشومان شیکھر کی ہدایت کاری میں بنی یہ دستاویزی فلم شائقین کو طویل مدتی آبادیاتی رجحانات اور قومی استحکام، ثقافتی تسلسل اور معاشرے کے مستقبل پر ان کے اثرات کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرنے کا پیغام دیتی ہے۔
فلم میں اس بات کا جائزہ لیا گیا ہے کہ آبادیاتی تبدیلیاں کس طرح کسی بھی ملک کے مستقبل کو سماجی، سیاسی اور ثقافتی اعتبار سے متاثر کرتی ہیں۔
تاریخی مردم شماری کے اعداد و شمار سے شروع ہونے والی یہ دستاویزی فلم 19ویں صدی کے اواخر سے لے کر موجودہ دور تک ہندوستان کی آبادی کے ڈھانچے میں آنے والی تبدیلیوں کو اجاگر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تقسیم ہند جیسے اہم تاریخی واقعات پر ان تبدیلیوں کے اثرات کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کرتی ہے۔
دستاویزی فلم کے اختتام پر یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور اسے صحیح سمت دینے کے لیے عوامی بیداری اور بروقت مناسب اقدامات کرنا بے حد ضروری ہے۔ فلم میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر آبادی پر قابو پانے کے لیے وقت رہتے مناسب اقدامات نہیں کیے گئے تو 2050 سے 2060 کے درمیان ہندو معاشرے کی آبادی 50 فیصد سے کم ہو جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ اس دستاویزی فلم کے شریک ہدایت کار کاماکھیا نارائن سنگھ اس سے پہلے ’جسٹس ڈیلیڈ بٹ ڈیلیورڈ‘ (2020)، ’بھور: ڈان‘ (2018) اور ’دی کیرالہ اسٹوری 2 گوز بیونڈ‘ (2026) جیسی فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں، جب کہ انشومان شیکھر ’اے ٹریبیوٹ ٹو لیٹ شری منوہر پاریکر‘ (2019) کی ہدایت کاری کے لیے معروف ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد