مصنوعی ذہانت کبھی انسانی جذبات و احساسات کی جگہ نہیں لے سکے گی: بالی ووڈ فلم ساز
پنجی، 27 نومبر (ہ س)۔ بالی ووڈ کے فلم سازوں کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) فلم سازی میں ایک معاون ٹیکنالوجی سے زیادہ حیثیت نہیں رکھ سکتی۔ آنے والے وقت میں بھی انسانی جذبات و احساسات ہی غالب رہیں گے اور وہی فلمیں عوام کے دل و دماغ میں جگہ بنا
اے آئی


پنجی، 27 نومبر (ہ س)۔ بالی ووڈ کے فلم سازوں کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) فلم سازی میں ایک معاون ٹیکنالوجی سے زیادہ حیثیت نہیں رکھ سکتی۔ آنے والے وقت میں بھی انسانی جذبات و احساسات ہی غالب رہیں گے اور وہی فلمیں عوام کے دل و دماغ میں جگہ بنا سکیں گی جو انسانی احساسات کی ترجمانی کرتی ہوں۔

57ویں بین الاقوامی فلمی میلے کے دوران جمعہ کو یہاں کلا اکیڈمی میں ”دی لیجنڈری 25“ کے عنوان سے ایک مذاکرہ منعقد ہوا۔ اس میں تین دوراندیش فلم سازوں کی پچیس سال قبل بننے والی کامیاب فلموں کا جائزہ لیا گیا، جنہوں نے نئے ہزاریے کے آغاز، یعنی 2001 کے آس پاس، عصری ہندوستانی سنیما کا رخ بدل دیا تھا۔

اس مذاکرے میں آشوتوش گواریکر، فرحان اختر اور مدھر بھنڈارکر نے شرکت کی۔ گواریکر کی 2001 کی فلم ’لگان‘ کو آسکر کے لیے نامزد کیا گیا تھا، فرحان اختر کی پہلی فلم ’دل چاہتا ہے‘ نے نوجوانوں کی ثقافت کو ایک نئی تعریف دی، جبکہ مدھر بھنڈارکر کی فلم ’چاندنی بار‘ نے حقیقت پسندانہ دستاویزی ڈرامے کی ابتدا کی۔

ان تینوں ہدایت کاروں نے اپنی پچیس سالہ تخلیقی سفر، روایتی حدود سے آگے بڑھنے والے سنیما اور صنعت پر اس کے دیرپا اثرات پر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے مرکزی دھارے کی روایات کو چیلنج کرنے اور ایک ایسی متاثرکن فلمی میراث قائم کرنے کے لیے درکار تخلیقی جرات کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ تقریباً 90 منٹ کی اس گفتگو کی نظامت اداکارہ خوشبو سندر نے کی۔

ایک سوال کے جواب میں آشوتوش گواریکر نے بتایا کہ وہ تاریخی اور آثارِ قدیمہ پر مبنی فلموں کی تیاری سے پہلے ڈیڑھ سے دو سال تحقیق میں صرف کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ فلم کی کہانی کو تاریخی اور آثارِ قدیمہ کے حقائق کے دائرے میں رہنا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے وہ متعلقہ موضوع کے متعدد ماہرین سے مشورہ کرتے ہیں۔

فلم ’لگان‘ کی تیاری سے پہلے کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گاو¿ں کے پس منظر پر بننے والی اس فلم میں دھوتی پہننے والے مرکزی کردار بھون کے لیے عامر خان کو رضامند کرنے میں ڈیڑھ سال لگ گیا تھا۔

فرحان اختر نے کہا کہ ان کے والد جاوید اختر نے انہیں سکھایا ہے کہ عوام کے سامنے کبھی کسی قسم کا غرور نہیں کرنا چاہیے۔ فن کار کو اپنا کام دیانت داری سے پیش کرنا چاہیے اور عوام کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے آئندہ پانچ سال میں فلمی صنعت کی کیا تصویر سامنے آئے گی تو گواریکر نے کہا کہ اے آئی کے بارے میں بے وجہ خوف پیدا کیا جا رہا ہے۔ اسے محض ایک معاون ذریعے کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اپنے کام میں اے آئی استعمال کر رہے ہیں، لیکن انسانی حساسیت ہمیشہ اس سے بالاتر رہے گی۔

مدھر بھنڈارکر اور فرحان اختر نے بھی اس خیال سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ فلموں کی شناخت محض ٹیکنالوجی نہیں ہو سکتی۔ فلم کی کہانی انسانی جذبات و احساسات ہی کے ذریعے بیان کی جائے گی۔ پانچ سال تو کیا، پچاس سال بعد بھی انسانی احساسات ہی کو بالادستی حاصل رہے گی۔

بین الاقوامی فلمی میلہ 20 نومبر کو شروع ہوا تھا اور اس کا اختتام ہفتے کو ہوگا۔ ”سرحدوں سے ماورا کہانیاں“ کے موضوع پر منعقد ہونے والا یہ میلہ ہندوستان اور دنیا بھر کے فلم سازوں، فلمی صنعت سے وابستہ پیشہ وروں اور شائقین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانے میں کامیاب رہا، تاکہ عالمی سنیما کے تنوع اور اس کی روح کا جشن منایا جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande