
ممبئی، 26 نومبر (ہ س)۔ ہدایت کار ایٹلی کی آنے والی سائنس فکشن ایکشن فلم ’راکا‘ مسلسل موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ اللو ارجن اور دیپیکا پدوکون کی اس فلم کے ساتھ اب سینئر اداکار گووندا کا نام بھی جوڑا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گووندا فلم میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ پردے پر ان کی موجودگی اگرچہ محدود وقت کے لیے ہوگی، لیکن ان کا کردار کہانی میں ایک اہم موڑ لا سکتا ہے۔ تاہم اس خبر کی ابھی تک باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
رپورٹ میں گووندا کو ممکنہ طور پر فلم میں شامل کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، لیکن فلم کے پروڈیوسروں، اداکار یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ ان کے کردار کی نوعیت اور کہانی میں ان کے مقام کے بارے میں بھی فی الحال معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
اگر یہ خبر درست ثابت ہوتی ہے تو ’راکا‘ جنوبی ہند کی فلمی صنعت میں گووندا کی پہلی فلم ہوگی۔ اسی لیے ان کی ممکنہ شمولیت کے بارے میں ناظرین کا تجسس بڑھ گیا ہے۔
ایٹلی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں اللو ارجن اور دیپیکا کے علاوہ مرنال ٹھاکر، جانہوی کپور اور رشمیکا مندانا کے نام بھی زیرِ بحث ہیں۔ رَمیا کرشنن، یوگی بابو اور جم سربھ کے بھی اہم کرداروں میں ہونے کی اطلاعات ہیں۔ فلم کی کہانی اور دیگر کرداروں کے بارے میں پروڈیوسروں نے ابھی تفصیلی معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ ’راکا‘ کے 2027 میں سینما گھروں میں ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی