شوہر دھرمیندر کو یاد کرکے جذباتی ہوئیں ہیما مالنی
ممبئی، 24 نومبر (ہ س)۔ معروف اداکار دھرمیندر کو دنیا سے رخصت ہوئے ایک سال گزر چکا ہے، لیکن ان کی اہلیہ اور اداکارہ ہیما مالنی کے لیے آج بھی اس صدمے کو قبول کرنا آسان نہیں ہے۔ دھرمیندر کی پہلی برسی کے موقع پر ہیما مالنی نے انہیں انتہائی جذباتی انداز
HEMA-MALINI-GETS-EMOTIONAL-REMEMBERING-HUSBAND-DHA


ممبئی، 24 نومبر (ہ س)۔ معروف اداکار دھرمیندر کو دنیا سے رخصت ہوئے ایک سال گزر چکا ہے، لیکن ان کی اہلیہ اور اداکارہ ہیما مالنی کے لیے آج بھی اس صدمے کو قبول کرنا آسان نہیں ہے۔ دھرمیندر کی پہلی برسی کے موقع پر ہیما مالنی نے انہیں انتہائی جذباتی انداز میں یاد کیا۔

ہیما مالنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر دھرمیندر کے ساتھ اپنی کچھ ایسی تصاویر شیئر کیں جو اس سے پہلے منظر عام پر نہیں آئی تھیں۔ ان کے ساتھ ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا۔ ہیما نے بتایا کہ ایک سال گزر جانے کے باوجود ان کے جانے کا غم آج بھی ویسا ہی ہے اور وہ ہر لمحہ ان کی کمی محسوس کرتی ہیں۔

اپنے پیغام میں ہیما نے دھرمیندر کو محض اپنا شوہر ہی نہیں بلکہ دوست، رہنما اور اپنی طاقت کا سرچشمہ قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ دھرمیندر ان کے لیے سب کچھ تھے اور ان کے بغیر زندگی انتہائی خالی محسوس ہوتی ہے۔

اداکارہ نے دھرمیندر کی شخصیت اور ان کے سادہ مزاج کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے کے باوجود وہ ہمیشہ زمین سے جڑے رہے اور اپنی جڑوں کو کبھی نہیں بھولے۔ہیما مالنی نے بھگوت گیتا کا حوالہ دیتے ہوئے دوبارہ جنم لینے کے عقیدے کا بھی اظہار کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ اس زندگی میں وہ دھرمیندر کی محبت بھری موجودگی کو بہت یاد کرتی ہیں۔

ہیما مالنی نے دھرمیندر کو یاد کرنے والے لاکھوں مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پیغامات اور محبت سے انہیں احساس ہوا کہ دھرمیندر آج بھی ان کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ہیما نے مداحوں کا مسلسل محبت اور حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ دھرمیندر کا انتقال 24 نومبر 2025 کو ہوا تھا۔ ان کے انتقال سے ہندی سنیما نے ایک ایسے فنکار کو کھو دیا جس نے اپنے طویل فلمی سفر کے دوران شائقین کے دلوں پر گہرے نقوش چھوڑے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande