
ممبئی، 24 نومبر (ہ س)۔ فلم انڈسٹری میں ان دنوں فنکاروں کے کام کے اوقات اور بہتر ماحولِ کار کو لے کر بحث جاری ہے۔ گزشتہ سال دیپیکا پدوکون نے آٹھ گھنٹے کی شفٹ کا مطالبہ اٹھایا تھا، جس کے بعد سے یہ معاملہ مسلسل زیرِ بحث ہے۔
اسی دوران اداکار آیوشمان کھرانہ اور شروری نے فلم ساز سورج بڑجاتیا کے ساتھ کام کرنے کا اپنا تجربہ شیئر کیا ہے۔ دونوں نے بتایا کہ سورج کے سیٹ پر کام کے ساتھ ساتھ فنکاروں اور پوری ٹیم کی صحت اور آرام کا بھی خاص خیال رکھا جاتا ہے۔
آیوشمان نے سورج کے ساتھ کام کرنے کو ایک روحانی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فنکاروں اور ان کے فن کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق سورج نہایت منکسر المزاج ہیں اور 61 سال کی عمر میں بھی مسلسل کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آیوشمان نے بتایا کہ ان کی فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک دن میں آٹھ سے دس گھنٹے سے زیادہ کام نہیں کیا جاتا تھا۔ سورج اکثر فنکاروں سے کہتے تھے کہ وہ گھر جا کر آٹھ گھنٹے کی نیند پوری کریں، کیونکہ پردے پر اچھا نظر آنے کے لیے ان کا تازہ دم رہنا ضروری ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ سیٹ پر موجود مثبت توانائی کا اثر فلم میں بھی دکھائی دیتا ہے۔
شروری نے بھی سورج بڑجاتیا کے کام کرنے کے انداز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے فنکاروں سے لے کر لائٹ مین اور معاون ہدایت کاروں تک، پوری ٹیم کے ساتھ کام کرتے ہوئے سورج ہر شخص کا خیال رکھتے ہیں۔ ان کے سیٹ پر نظم و ضبط کے ساتھ احترام اور اپنائیت بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔
سورج کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’یہ پریم مول لیا‘ میں آیوشمان کھرانہ اور شرواری مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں آیوشمان مقبول کردار ’پریم‘ کے روپ میں نظر آئیں گے۔ راج شری پروڈکشنز اور مہاویر جین فلمز کے اشتراک سے بننے والی اس فلم میں انوپم کھیر، سپریا پاٹھک، سیما پاہوا اور سومیا ٹنڈن بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ یہ فلم 27 نومبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی