
نئی دہلی، 22 نومبر(ہ س)۔شمال مشرقی ہندوستان کی ثقافت، قبائلی شناخت اور سماجی زندگی کو پیش کرنے والی دو فلمیں 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا(افّی) میں دکھائی گئی ہیں۔ ان میں آسام کی کربی برادری کی روایتی ہتھ کرگھا بُنائی پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’ریڈ کارپٹ‘ اور اروناچل پردیش کے ایک غمزدہ باپ کی ذہنی کیفیت پر مبنی فلم ’اروم‘ شامل ہیں۔ دونوں فلموں کے ذریعے شمال مشرقی ہندوستان کی الگ الگ کہانیوں کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
اطلاعات و نشریات کی وزارت کے مطابق، اتوار کو گوا میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دونوں فلموں کی ہدایت کار آئمی بروا اور ڈویو تبیو نے اپنی فلموں اور انہیں بنانے کے تجربات کے بارے میں بتایا۔ ’ریڈ کارپٹ‘ کو انڈین پینورما کے غیر فیچر فلم زمرے میں، جبکہ ’اروم‘ کو فیچر فلم زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
ہدایت کار آئمی بروا کی آسامی دستاویزی فلم ’ریڈ کارپٹ‘ میں آسام کے کربی آنگلونگ علاقے کی کربی برادری کی صدیوں پرانی ہتھ کرگھا بُنائی کی روایت دکھائی گئی ہے۔ فلم میں بتایا گیا ہے کہ بدلتے وقت اور جدید طرزِ زندگی کے باوجود اس روایتی ہنر کو محفوظ رکھنے کے لیے کس طرح کوششیں کی جا رہی ہیں۔
فلم ڈونکاموکام گاؤں کے ایک روایتی بُنکر کے سفر کے ذریعے دکھاتی ہے کہ ہاتھ سے تیار کیا گیا کپڑا کس طرح کان فلم فیسٹیول کے مشہور ریڈ کارپٹ تک پہنچا۔ یہ سفر مقامی لوگوں کی ثقافتی شناخت، فخر اور امید کی علامت بن گیا۔آئمی بروا نے کہا کہ آسام کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں تیار ہونے والے روایتی کپڑے کا کان فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ تک پہنچنا مقامی بُنکروں کی مہارت اور علاقے کی ثقافت کے لیے بڑی کامیابی ہے۔ اس سے ان کے فن کو بین الاقوامی سطح پر پہچان ملی ہے۔انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ اپنی زبان، ثقافت اور روایات پر فخر کریں اور اس ورثے کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں۔
ہدایت کار ڈویو تبیو کی فلم ’اروم‘ اروناچل پردیش کے ایک دور دراز پہاڑی علاقے میں رہنے والے ایسے باپ کی کہانی ہے جو اپنی چھوٹی بیٹی کی دردناک موت کے صدمے سے گزر رہا ہے۔فلم میں باپ کے دکھ، یادوں، احساسِ جرم اور ذہنی کشمکش کو پیش کیا گیا ہے۔ وہ اپنی بیٹی کی موت سے جڑی حقیقت جاننے اور اپنے ذہن میں اٹھنے والے سوالوں کے جواب تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے، تاکہ اسے ذہنی سکون مل سکے۔
ڈویو تبیو نے بتایا کہ بچپن میں انہوں نے اروناچل پردیش کے زیرو علاقے میں ایک ایسا واقعہ دیکھا تھا، جس میں ایک باپ اپنی بیٹی کی موت کے غم سے گزر رہا تھا۔ یہ واقعہ ان کے ذہن میں طویل عرصے تک رہا اور بعد میں اسی سے فلم کی کہانی کا خیال پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ فلم بنانے کا مقصد کوئی اخلاقی سبق دینا نہیں، بلکہ ایک غمزدہ باپ کی ذہنی اور جذباتی کیفیت کو سمجھنا اور اسے پردے پر پیش کرنا تھا۔
ڈویو تبیو نے بتایا کہ فلم کو نیِشی زبان میں بنانا اپنی مادری زبان اور ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھنے کی ایک سوچا سمجھا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل آہستہ آہستہ اپنی مادری زبان اور روایتی شناخت سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ سنیما کے ذریعے قبائلی برادریوں کی کہانیوں، زبانوں اور طرزِ زندگی کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ اس سے نوجوان نسل کو اپنی جڑوں اور ثقافت سے جڑے رہنے میں مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan