
ممبئی، 21 نومبر(ہ س)۔ دادا صاحب پھالکے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈز 2026 کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال ہندوستانی سنیما، او ٹی ٹی، ٹیلی ویژن اور بین الاقوامی تفریحی دنیا کی کئی بڑی شخصیات کو مختلف زمروں میں اعزاز سے نوازا گیا۔
رنویر سنگھ کی اداکاری والی فلم ’دھرندھر‘ نے 5 ایوارڈ جیت کر سب سے بڑی فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ فلم کو بہترین فلم کا ایوارڈ ملا، جبکہ رنویر سنگھ بہترین اداکار اور آدتیہ دھر بہترین ہدایت کار منتخب کیے گئے۔ اس کے علاوہ آدتیہ دھر، جیوتی دیش پانڈے اور لوکیش دھر کو سال کے بہترین پروڈیوسر کا اعزاز دیا گیا۔ فلم میں منفی کردار ادا کرنے والے اکشے کھنہ کو بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔
ناقدین کے زمرے میں ’کانتارا: چیپٹر 1‘ کو بہترین فلم منتخب کیا گیا، جبکہ اسی فلم کے لیے رشبھ شیٹی کو بہترین اداکار کا ایوارڈ ملا۔ فلم ’حق‘ کے لیے یامی گوتم کو ناقدین کی جانب سے بہترین اداکارہ کا اعزاز دیا گیا۔ وہیں، ’چھاوا‘ کے لیے ونیِت کمار سنگھ بہترین معاون اداکار قرار پائے اور ’ہاؤس فل 5‘ کے لیے رتیش دیش مکھ کو مزاحیہ کردار میں بہترین اداکار منتخب کیا گیا۔
ویب سیریز کے زمرے میں آرین خان کی پہلی سیریز ’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘ کو بہترین ویب سیریز کا ایوارڈ ملا۔ آرین خان کو اس کے لیے بہترین ہدایت کار منتخب کیا گیا۔ ’پاتال لوک 2‘ کے لیے جے دیپ اہلاوت بہترین اداکار قرار پائے، جبکہ ’دہلی کرائم 3‘ کے لیے شیفالی شاہ کو بہترین اداکارہ اور ہما قریشی کو منفی کردار میں بہترین اداکارہ کا اعزاز دیا گیا۔ ’گرام چکتسالیہ‘ کے لیے ونے پاٹھک بہترین معاون اداکار منتخب کیے گئے۔
بین الاقوامی زمرے میں ’اوتار: فائر اینڈ ایش‘ کو بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کا ایوارڈ ملا۔ ’سنرز‘ کے لیے مائیکل بی جارڈن کو بہترین اداکار اور ’ہیمنٹ‘ کے لیے جیسی بکلی کو بہترین اداکارہ منتخب کیا گیا۔ ’ون بیٹل آفٹر اَن اَدر‘ کے لیے پال تھامس اینڈرسن کو بہترین ہدایت کار کا اعزاز دیا گیا۔ وہیں، ٹیلر سوئفٹ کو سال کی بہترین بین الاقوامی فنکارہ اور جیمز کیمرون کو عالمی سنیما میں تعاون کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔
ٹیلی ویژن کے زمرے میں ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کو سال کا بہترین ٹی وی سیریل منتخب کیا گیا۔ ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی 2‘ کے لیے امر اپادھیائے اور اسمرتی ایرانی کو بہترین اداکار اور اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ موسیقی کی دنیا میں فلم ’سیّارا‘ کے ٹائٹل ٹریک کو سال کا بہترین گیت قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ شاشوت سچدیو، فہیم عبداللہ اور ارشاد کامل کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ معروف اداکار کمل ہاسن کو ہندوستانی فلمی صنعت میں ان کی نمایاں خدمات کے لیے خصوصی اعزاز دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن