’رامائن‘ میں لکشمن کے کردار میں نظر آئیں گے روی دوبے، بہادر جنگجو کے روپ میں نیا پوسٹر جاری
ممبئی، 2 نومبر(ہ س)۔ نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’رامائن‘ سے اداکار روی دوبے کا لکشمن کے روپ میں پہلا منظر سامنے آ گیا ہے۔ فلم کے ہدایت کاروں نے ان کا منفرد کردار پر مبنی پوسٹر جاری کیا ہے، جس میں وہ ہاتھ میں کمان اور تیر لیے ایک بہ
رامائن


ممبئی، 2 نومبر(ہ س)۔ نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’رامائن‘ سے اداکار روی دوبے کا لکشمن کے روپ میں پہلا منظر سامنے آ گیا ہے۔ فلم کے ہدایت کاروں نے ان کا منفرد کردار پر مبنی پوسٹر جاری کیا ہے، جس میں وہ ہاتھ میں کمان اور تیر لیے ایک بہادر جنگجو کے طور پر نظر آ رہے ہیں۔

پوسٹر میں ان کے چہرے پر حوصلے، پختہ عزم اور جنگ کے لیے تیار رہنے کے جذبات نمایاں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بھگوان رام کے تئیں لکشمن کی بے پناہ عقیدت اور وفاداری کی جھلک بھی دکھائی دیتی ہے۔ پوسٹر جاری کرتے ہوئے فلم سازوں نے لکشمن کو ’ایک وفادار بھائی، نڈر جنگجو اور رام کی ڈھال‘ قرار دیا ہے۔

لکشمن کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے روی دوبے نے کہا کہ یہ کردار ان کے لیے انتہائی خاص اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق لکشمن طاقت، بہادری، عقیدت اور بے لوث جذبات کا منفرد امتزاج ہیں۔ بھگوان رام کے تئیں ان کی محبت اور اصولوں کے لیے ان کی قربانی ہمیشہ متاثر کن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے قابل احترام کردار کو پردۂ سیمیں پر پیش کرنا ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ اداکار نے امید ظاہر کی کہ ناظرین ان کی اداکاری میں اس کردار کے تئیں ان کے خلوص اور جذبات کو محسوس کر سکیں گے۔

فلم میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا، یش راون اور سنی دیول ہنومان کے کردار میں نظر آئیں گے۔

نمیت ملہوترا کے پرائم فوکس اسٹوڈیوز، ڈی این ای جی اور یش کے مونسٹر مائنڈ کریشنز کے اشتراک سے بننے والی یہ فلم دو حصوں میں ریلیز ہوگی۔ اس کا پہلا حصہ 5 نومبر 2026 اور دوسرا حصہ دیوالی 2027 کے موقع پر سنیما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔

فلم ہندی، تمل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم زبانوں میں ریلیز ہوگی۔ اسے دنیا بھر میں آئی میکس طرز پر بھی پیش کیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande