
ممبئی، 19 نومبر (ہ س)۔ بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ فلم ’الفا‘ کے بعد بھی ایکشن فلموں میں کام جاری رکھیں گی۔ ایک حالیہ انٹرویو میں عالیہ نے فلموں کی کارکردگی اور خواتین پر مبنی کہانیوں کا انتخاب کرنے کے اپنے فیصلے پر بھی کھل کر بات کی ہے۔
عالیہ بھٹ نے اپنے فلمی کریئر میں کئی کامیاب فلموں کے ذریعے شائقین کے درمیان اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔ ’راضی‘ اور ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ جیسی فلموں میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا اور ان فلموں نے باکس آفس پر بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تاہم، حالیہ فلموں ’جگرا‘ اور ’الفا‘ کی ناکامی کے بعد ان کے کریئر کو لے کر بحث تیز ہوگئی ہے۔
عالیہ کا کہنا ہے کہ کسی خاتون مرکزی کردار والی فلم کی ناکامی کا یہ مطلب نہیں کہ اس طرح کی کہانیاں بنانا بند کردیا جائے۔ انہوں نے کہا، ”جب کسی مرد مرکزی کردار والی فلم کے ناکام ہونے پر کوئی یہ نہیں کہتا کہ مردوں پر مبنی فلمیں نہیں بنانی چاہئیں، تو پھر میں خواتین پر مبنی فلموں کا انتخاب کیوں بند کروں؟“
اداکارہ کے مطابق، نئے تجربات کرنے میں ناکامی کا خدشہ ضرور رہتا ہے، لیکن اس کے ساتھ بڑی کامیابی حاصل کرنے کے امکانات بھی اتنے ہی ہوتے ہیں۔ وہ اسی لیے اس طرح کی فلموں سے دوری اختیار کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
فلمی مصروفیات کی بات کریں تو عالیہ گزشتہ دنوں فلم ’الفا‘ میں نظر آئی تھیں۔ اس فلم میں ان کے ساتھ شروری، انل کپور اور بوبی دیول نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ تقریباً 100 سے 150 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی گئی اس فلم نے باکس آفس پر تقریباً 98 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ اب عالیہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’لو اینڈ وار‘ میں رنبیر کپور اور وکی کوشل کے ساتھ نظر آئیں گی۔ یہ فلم 21 جنوری 2027 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد