
ممبئی، 18 نومبر (ہ س)۔ اداکارہ تبو جلد ہی اپنی پہلی ہندی اوریجنل اسٹریمنگ سیریز میں نظر آئیں گی۔ وہ وائی آر ایف انٹرٹینمنٹ کی آنے والی نیٹ فلکس سیریز ’ٹنل مین‘ کا حصہ بن گئی ہیں۔
یہ ایک خیالی ڈرامہ ہے، جس کی کہانی نومبر 2023 میں اتراکھنڈ کی سلکیارا سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے چلائے گئے مشکل ریسکیو آپریشن سے متاثر ہوکر تیار کی گئی ہے۔ سیریز میں اس واقعے کے دوران سامنے آنے والے حوصلے، صبر، ٹیم ورک اور امید کے جذبے کو کہانی کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔
’ٹنل مین‘ کی ہدایت کاری شیو روائل کر رہے ہیں، جو اس سے قبل ’دی ریلوے مین‘ کے ذریعے ایک حقیقی واقعے پر مبنی کہانی ناظرین کے سامنے پیش کر چکے ہیں۔
تبو کا فلمی کریئر تین دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے۔ ’ماچس‘ اور ’چاندنی بار‘ میں اپنی اداکاری کے لیے انہیںنیشنل فلم ایوارڈ مل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ’مقبول‘، ’حیدر‘ اور ’اندھادھن‘ جیسی فلموں میں بھی انہوں نے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر بھی وہ ’دی نیم سیک‘، ’لائف آف پائی‘ اور سیریز ’ڈیون: پروفیسی‘ میں کام کر چکی ہیں۔
یہ پروجیکٹ وائی آر ایف انٹرٹینمنٹ میں ہیڈ آف کنٹینٹ کے عہدے پر شامل ہونے والے سوگت مکھرجی کی پہلی سیریز بھی ہے۔ کمپنی کے سی ای او اکشے ودھانی کی قیادت میں تیار کی جا رہی اس سیریز کے ذریعے شائقین تک ایک اور متاثر کن کہانی پہنچانے کی تیاری ہے۔ مکھرجی اس سے پہلے ’اسکیم 1992‘، ’مہارانی‘، ’تبر‘ اور ’راکٹ بوائز‘ جیسی مقبول سیریز سے وابستہ رہ چکے ہیں۔
’ٹنل مین‘ نیٹ فلکس پر نشر کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی وائی آر ایف انٹرٹینمنٹ اور نیٹ فلکس کی شراکت داری بھی آگے بڑھے گی، جس کا آغاز 2023 میں ’دی رومانٹکس‘ سے ہوا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد