
ممبئی، 18 نومبر (ہ س)۔ اداکار نواز الدین صدیقی ایک بار پھر اپنے منفرد انداز سے فلم شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی آنے والی ویب سیریز ’ڈاکٹر حسن‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
روہن سپی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز میں نواز الدین ایک ایسے ڈاکٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اپنی غیر معمولی ذہانت کی بدولت پیچیدہ سے پیچیدہ طبی معاملات کو حل کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ تاہم، ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کا عجیب و غریب رویہ اور منفرد مزاج بھی لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے۔ سیریز میں دیا مرزا بھی ایک اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ اس کا پریمیئر 11 دسمبر کو جیو ہاٹ اسٹار پر ہوگا۔
بانیجے ایشیا کے بینر تلے بنائی گئی یہ سیریز مشہور امریکی میڈیکل ڈرامہ ’ہاؤس‘ کا ہندوستانی روپ ہے۔ اس کی کہانی کو ہندوستانی ماحول، رشتوں اور سماجی حالات کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔ سیریز میں طبی معمہ، مزاح اور جذباتی پہلوؤں کا امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔
نواز الدین اور دیا مرزا کے علاوہ فیصل رشید، رحمت رتن، جیسن تھام اور اسمرن سانو بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ سیریز کی کہانی ونے چھاول اور کیتن پیڈگاونکر نے لکھی ہے، جب کہ مکالمے وراٹ بسویا نے تحریر کیے ہیں۔ دیپک دھر، رشی نیگی، راجیش چڈھا، مرنالنی جین اور شیام راٹھی اس کے پروڈیوسر ہیں۔
نواز الدین نے اپنے کردار کے بارے میں بتایا کہ بچپن میں وہ اپنے شہر کے کلینک اور دواخانوں کے آس پاس کافی وقت گزارا کرتے تھے۔ سیریز کی کہانی پڑھتے ہوئے انہیں بچپن کی وہ یادیں تازہ ہوگئیں۔ ان کے مطابق، ڈاکٹر حسن کی ذہانت، گفتگو کا انداز اور دنیا کو دیکھنے کا منفرد نظریہ اس کردار کو خاص بناتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اصل سیریز ’ہاؤس‘ میں ہیو لاری نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور یہ شو 2004 سے 2012 تک نشر ہوا تھا۔ آٹھ سیزن پر مشتمل اس مقبول سیریز نے پانچ پرائم ٹائم ایمی اور دو گولڈن گلوب سمیت کئی اہم ایوارڈ حاصل کیے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد