اداکار شرد کپور نے فلمی دنیا میں واپسی کا اعلان کیا
ممبئی، 17 نومبر (ہ س)۔ فلم ’جوش‘ میں نظر آ چکے اداکار شرد کپور ان دنوں صحت اور مالی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے فلمی صنعت سے کام اور مالی مدد فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔ اس دوران اداکار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرکے اپنے مداح
SHARAD-KAPOOR-ANNOUNCES-HIS-COMEBACK


ممبئی، 17 نومبر (ہ س)۔ فلم ’جوش‘ میں نظر آ چکے اداکار شرد کپور ان دنوں صحت اور مالی پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے فلمی صنعت سے کام اور مالی مدد فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔

اس دوران اداکار نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرکے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو یقین دلایا کہ وہ جلد ہی کام پر واپس آئیں گے۔ شرد کی اپیل اس وقت موضوع بحث بنی تھی، جب خراب صحت کے باعث ان کے چار پالتو کتوں کو اینیمل ویلفیئر سینٹر بھیجے جانے کی خبر سامنے آئی تھی۔

ویڈیو پیغام میں شرد نے کہا کہ وہ مداحوں کی محبت اور حمایت کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اسی طرح اپنی محبت برقرار رکھیں۔ اداکار نے یقین دلایا کہ وہ کبھی اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا، ”جنوری میں میں ایک راک اسٹار کی طرح کام شروع کروں گا اور ویسا ہی بنوں گا۔“ ان کے اس پیغام کے بعد مداحوں نے خوشی ظاہر کی اور ان کی جلد واپسی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شرد کی یہ ویڈیو 16 نومبر کو ممبئی میں اداکار سونو سود سے ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔ دونوں فنکاروں کی ملاقات کے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں، جن میں وہ گرم جوشی سے ایک دوسرے کو گلے لگاتے اور بات چیت کرتے نظر آ رہے ہیں۔ تاہم، ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ سونو سود نے شرد کو مالی مدد دینے یا اپنی کسی آنے والی فلم میں کام کا موقع فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے یا نہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande