
ممبئی، 16 نومبر(ہ س)۔ ہارر اور سسپنس سے بھرپور فلم ’جھاڑ پھونک‘ کے فلمسازوں نے فلم کا نیا رومانوی گانا ’بے تحاشہ‘ ریلیز کردیا ہے۔ جیو ہاٹ اسٹار پر اسٹریم ہونے والی یہ فلم ریلیز کے بعد سے ہی ناظرین میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے اور مسلسل تین ہفتوں سے پلیٹ فارم کی ٹرینڈنگ فہرست میں شامل ہے۔
نئے گانے کے ذریعے فلم میں رومانس کے پہلو کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اس گانے میں سنبل توقیر خان اور ہرش راجپوت کی آن اسکرین کیمسٹری دیکھنے کو مل رہی ہے، جسے ناظرین کی توجہ حاصل ہورہی ہے۔
سورج چوہان کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے اس گانے میں محبت کے جذبات کو دلکش موسیقی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ گانے کے حوالے سے سنبل توقیر خان نے کہا کہ انہیں اس کی دھن اور پوری کمپوزیشن کافی پسند آئی ہے۔ ان کے مطابق یہ گانا محبت کے خوبصورت احساسات کو بیان کرتا ہے اور ناظرین خود کو اس سے جڑا ہوا محسوس کریں گے۔
فلم کے ہدایت کار راجن رام گوپال ورما نے بھی دونوں فنکاروں کی کیمسٹری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ فلم کو ناظرین کی جانب سے ملنے والی محبت اور مسلسل تین ہفتوں تک ٹرینڈنگ میں برقرار رہنے سے پوری ٹیم کافی پرجوش ہے۔ سوشل میڈیا پر نئے گانے کو ملنے والا ردعمل بھی ان کی خوشی میں اضافہ کررہا ہے۔
نیئو انٹرٹینمنٹ انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے بینر تلے پیش کی گئی اس فلم کی کہانی اور اسکرین پلے راجن رام گوپال ورما نے تحریر کیا ہے، جب کہ ہدایت کاری کی ذمہ داری بھی انہوں نے ہی نبھائی ہے۔ شلیش پریہار فلم کے پروڈیوسر اور ورندا برہما بھٹ شریک پروڈیوسر ہیں۔
فلم میں سنبل توقیر خان اور ہرش راجپوت کے علاوہ پدمِنی کولہاپورے اور یشپال شرما بھی اہم کرداروں میں نظر آرہے ہیں۔ فلم جیو ہاٹ اسٹار پر اسٹریم ہورہی ہے، جب کہ اس کا نیا رومانوی گانا ’بے تحاشہ‘ بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan