
ممبئی، 16 نومبر (ہ س)۔ کرن جوہر کے مشہور چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن کا آغاز سلمان خان کے ساتھ ہوا تھا اور اب اس کے آخری ایپی سوڈ میں شاہ رخ خان نظر آنے والے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ پورے ایپی سوڈ کا حصہ نہیں ہوں گے بلکہ ایک خصوصی سیگمنٹ میں دکھائی دیں گے۔ سلمان اس سیزن کی ابتدائی قسط میں تنہا مہمان بن کر آئے تھے، جبکہ شاہ رخ کے ساتھ دیگر مہمان بھی نظر آسکتے ہیں۔ تاہم، شو کے پروڈیوسرز کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
اس ایپی سوڈ کی خاص بات یہ بھی ہوگی کہ کرن جوہر کے جڑواں بچے روہی اور یش پہلی بار ٹیلی ویژن پر نظر آئیں گے۔ سال 2004 میں اس شو کا آغاز شاہ رخ خان اور کاجول کے ساتھ ہوا تھا۔ ایسے میں فائنل میں شاہ رخ کی موجودگی شو کے پرانے سفر کی یادیں تازہ کرسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اس ایپی سوڈ کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔ شاہ رخ ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو دسمبر میں ریلیز ہونے والی ہے۔ اسی وجہ سے وہ پورے ایپی سوڈ کے بجائے اس کے ایک حصے میں شامل ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ کی بیٹی سہانا خان بھی اس ایپی سوڈ میں نظر آسکتی ہیں۔ ان کا حصہ ان کی آنے والی فلم کی تھیم سے جڑا ہوسکتا ہے۔
وہیں، سیزن کی آئندہ قسط میں سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان کی جوڑی دکھائی دے گی۔ اس کے علاوہ عالیہ بھٹ اپنی بہن شاہین بھٹ کے ساتھ اور ڈمپل کپاڈیا و ٹوئنکل کھنہ بھی شو میں مہمان بن کر پہنچیں گی۔
ہندوستھان سماچار
------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی