کشمیر آ کرحقیقت جانی، اب بار بار آنا چاہوں گا : کمار سانو
کپوارہ، 11 نومبر (ہ س)۔ معروف پلے بیک گلوکار کمار سانو نے کہا ہے کہ وہ زندگی میں پہلی بار کشمیر آئے ہیں اور یہاں آ کر انہوں نے حقیقت کو جانا۔ انہوں نے کشمیر کو ہندوستان کی جنت قرار دیتے ہوئے ملک بھر کے لوگوں سے، خاص طور پر شو بز سے وابستہ افراد سے،
Kumar Sanu in Kupwara


کپوارہ، 11 نومبر (ہ س)۔ معروف پلے بیک گلوکار کمار سانو نے کہا ہے کہ وہ زندگی میں پہلی بار کشمیر آئے ہیں اور یہاں آ کر انہوں نے حقیقت کو جانا۔ انہوں نے کشمیر کو ہندوستان کی جنت قرار دیتے ہوئے ملک بھر کے لوگوں سے، خاص طور پر شو بز سے وابستہ افراد سے، کشمیر آنے کی اپیل کی۔

بدھ کو یہاں ’کشمیر گاٹ ٹیلنٹ‘ کے گرینڈ فنالے کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کمار سانو نے کہا: ’’کشمیر ایک ایسی جگہ ہے جہاں میں اب بار بار آنا پسند کروں گا۔ یہاں کے لوگ مجھے بہت اچھے لگے۔ میں کئی جگہوں پر گیا، مجھے سری نگر بھی بہت اچھا لگا۔ یہاں ایک خوشنما ماحول تیار ہو رہا ہے۔‘‘

انہوں نے اس کے لیے ہندوستانی فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ کئی بھائی بہن بھی یہاں قیام امن کے لیے محنت کر رہے ہیں۔

پہلے کشمیر نہ آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کمار سانو نے کہا: ’’میں یہاں اس لیے نہیں آیا تھا کہ یہاں اس کے لیے حالات سازگار نہیں بتائے جا رہے تھے۔ یہاں آنے کے بعد میں حقیقت جان گیا۔‘‘

انہوں نے کہا: ’’سب لوگوں کو کشمیر آنا چاہیے۔ ہم کو آج تک جو بتایا گیا کشمیر کے بارے میں وہ صحیح نہیں تھا۔ آپ کشمیر آ کر یہاں کے بچوں سے ملیں۔ میں خاص طور پر تمام شو بز کے لوگوں سے کہوں گا کہ کشمیر ضرور آئیں۔ کشمیر واقعی ہندوستان کی جنت ہے۔ اس جنت کو ہم خراب نہیں ہونے دیں گے۔‘‘

کمار سانو نے کہا کہ یہاں کے نوجوان آرٹ کی طرف رجحان رکھتے ہیں اور کشمیریوں کا ٹیلنٹ بہت اچھا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’میں یہاں کے لوگوں کے ساتھ تعاون کرتا رہوں گا۔ ابھی ہم بگ باس میں قاضی جی کو دیکھ رہے ہیں، وہ ایک مثالی انسان ہیں۔ یہاں جو ٹیلنٹ ہے، میں ان کے ساتھ مل کر گانا گانے کی کوشش کروں گا۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں کر سکتا، کیونکہ ایک سنگر ایک گانا ہی کولابوریٹ کر سکتا ہے۔‘‘

گلوکار نے یہ بھی کہا کہ ایسے ایونٹس صرف کپوارہ میں نہیں بلکہ دوسرے اضلاع میں بھی کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ان دور دراز علاقوں میں جہاں کے نوجوان ٹیلنٹ ہونے کے باوجود باہر نہیں آ پاتے۔ انہوں نے کہا: ’’میں حکومت سے استدعا کروں گا کہ یہاں میوزک اکیڈمی کھولی جائے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ اس معاملے کو لے کر سنجیدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا: ’’شاید مستقبل میں آپ کو یہاں ایک اکیڈمی یا میوزک اسکول دیکھنے کو ملے۔ میری طرف سے جو بھی ہو سکے گا، میں کروں گا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ ضلع کپوارہ میں پہلی بار ’کشمیر گاٹ ٹیلنٹ‘ کے نام سے ایک مقابلہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ابھرتے ہوئے فنکاروں، خاص طور پر دور دراز سرحدی ضلع کے نوجوانوں، کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ مقابلے کے آڈیشنز 8 نومبر کو گورنمنٹ ڈگری کالج کپوارہ میں شروع ہوئے تھے۔ اسے ہندوستانی فوج، ضلع انتظامیہ کپواڑہ اور پروڈکشن کمپنی طہٰ فلم انٹرنیشنل کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ 4 نومبر تک 350 سے زائد شرکا نے اپنا اندراج کرایا تھا۔ کمار سانو اور اداکار و پروڈیوسر ہرمن باویجا فنالے کے مہمانوں میں شامل تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ


 rajesh pande