
ممبئی، 10 نومبر(ہ س)۔
نتیش تیواری کی اساطیری فلم ’رامائن‘ میں راون کے کردار میں کنڑ اداکار یش کو ناظرین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ فلم میں ان کی اداکاری کے ساتھ ساتھ ان کا حلیہ بھی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
راون کے کردار کو شاندار اور بااثر بنانے کے لیے یش نے انتہائی بھاری لباس پہنا تھا۔ فلم کی کاسٹیوم ڈیزائنر سانیا سردھاریا نے انکشاف کیا ہے کہ بعض خاص مناظر میں یش کے لباس کا وزن تقریباً 33 کلوگرام تک ہو جاتا تھا۔
سانیا نے ایک گفتگو کے دوران بتایا کہ زیادہ تر ملبوسات کا وزن زیورات سمیت 16 سے 20 کلوگرام کے درمیان تھا۔ تاہم، لنکا اور راون سے متعلق بعض خاص مناظر کے لیے تیار کیے گئے ملبوسات کافی بھاری تھے۔ ان میں راون کی شادی اور سورپنکھا کی شادی سے متعلق لباس بھی شامل تھے۔ ان خصوصی ملبوسات کا وزن تقریباً 30 سے 33 کلوگرام تک تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یش کے تاج کا وزن بھی تقریباً 1.8 کلوگرام تھا۔ ڈیزائنر کے مطابق، تاج تیار کرنے اور اسے پہنانے میں سب سے زیادہ دشواری پیش آئی، کیونکہ سر پر اتنا وزن سنبھالنا آسان نہیں تھا۔ اس کے لیے کئی طرح کے تجربات کرنے پڑے۔ طویل وقت تک بھاری لباس پہن کر شوٹنگ کرنے کے باوجود یش نے اسے بڑی آسانی سے سنبھالا۔ واضح رہے کہ فلم میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی ماتا سیتا اور روی دوبے لکشمن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / انظر حسن