
ممبئی، یکم نومبر (ہ س)۔ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی 61ویں سالگرہ کو لے کر ان کے مداحوں میں زبردست جوش و خروش ہے۔ اس خاص موقع پر ان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی کوئی بڑی جھلک سامنے آ سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، 2 نومبر کی آدھی رات کو فلم کا نیا پروموشنل ویڈیو جاری کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، یہ ٹیزر ہوگا، گانا یا فلم سے متعلق کوئی اور ویڈیو، اس بارے میں ابھی تک فلم کے میکرز نے باضابطہ طور پر کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔
فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند نے سوشل میڈیا پر ایک پراسرار پوسٹ شیئر کرکے ان قیاس آرائیوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر آدھی رات کو تین الگ الگ پیغامات پوسٹ کیے، جنہیں جوڑنے پر یہ عبارت سامنے آئی، ’’دنیا کے جشن منانے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘ اس کے بعد سے مداح قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ شاہ رخ کی سالگرہ پر ’کنگ‘ کا ٹیزر یا کوئی بڑا اپ ڈیٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، فی الحال اس سلسلے میں باضابطہ تصدیق کا انتظار ہے۔
شاہ رخ کی سالگرہ سے قبل ممبئی میں بھی جشن کا ماحول دکھائی دے رہا ہے۔ باندرہ-ورلی سی لنک کو خاص روشنیوں سے سجایا گیا ہے، وہیں ان کی رہائش گاہ منت کے باہر بھی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
’پٹھان‘ کے بعد ’کنگ‘ میں شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند دوسری بار ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ فلم میں ابھیشیک بچن ان کے حریف کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ پہلی بار شاہ رخ کی بیٹی سہانا خان بھی ان کے ساتھ بڑے پردے پر دکھائی دیں گی۔ یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالواحد