
نئی دہلی: ،08اکتوبر(ہ س )۔
ویژن 2026 کے زیر اہتمام ہیومن ویلفیئر فاو¿نڈیشن (ایچ ڈبلیو ایف) کے سرپرست اور سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے نائب صدر کے کے مامونی مولوی کی حیات، خدمات اور سماجی ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک یادگاری اجلاس منعقد کیا گیا۔
کے کے مامونی مولوی ہیومن ویلفیئر فاو¿نڈیشن کے اسسٹنٹ سیکریٹری اور وائس چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے تھے اور ویژن 2026 کے مختلف فلاحی اور سماجی ترقی کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ اجلاس میں ویژن 2026 کے ذمہ داران کے علاوہ اس کی اہم شراکت دار تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
ویژن 2026 کے ڈائریکٹر ایم. ساجد نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کے کے مامونی مولوی کے ساتھ اپنی طویل رفاقت اور ذاتی تجربات کا ذکر کیا۔ انہوں نے معاشرے کی خدمت کے لیے ان کی وابستگی اور اپنے ساتھیوں پر ان کے گہرے اثرات کو یاد کیا۔
اس موقع پر سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے سیکریٹری جنرل شفیع مدنی، ہیومن ویلفیئر فاو¿نڈیشن کے سی ای او پی. کے. نوفل، ایچ ڈبلیو ایف کے پی آر ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان رفیقی، سہولت مائیکروفنانس کے سی ای او اسامہ خان، ایچ ڈبلیو ایف کے سینئر مینیجر محمد عارف، محمد اسلام اور ظہور احمد نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کے کے مامونی مولوی کی زندگی، خدمات اور مختلف سماجی و فلاحی منصوبوں میں ان کی نمایاں شراکت کے مختلف پہلوو¿ں کو اجاگر کیا۔
اجلاس سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے ویژن 2026 کے چیئرمین ٹی. عارف علی نے کے کے مامونی مولوی کے ساتھ اپنی وابستگی کو یاد کیا، جو ان کے نوجوانی کے دور سے چلی آ رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مامونی مولوی طویل عرصے تک انسانی خدمت کے لیے سرگرم رہے اور ایک ایسے معاشرے کے قیام کا خواب رکھتے تھے جو انصاف، مساوات اور سماجی بہبود پر مبنی ہو۔
ٹی عارف علی نے اس بات پر زور دیا کہ مامونی مولوی کی اقدار اور خدمات کے ورثے کو آگے بڑھانے کے لیے معاشرے کی مسلسل خدمت اور سماجی و معاشی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ ان اصولوں اور اقدار پر کاربند رہیں جو مامونی مولوی کی زندگی کا نمایاں حصہ تھیں اور ایک منصفانہ و مساوی معاشرے کے قیام کے ان کے ویژن کو آگے بڑھانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں۔
اجلاس کے اختتام پر کے کے مامونی مولوی کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن اور فلاحی و سماجی خدمات کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais