
دارالعلوم ندوة العلماء کے مہتمم، عربی زبان و ادب کے ممتاز ادیب و محقق اور عربی مجلہ ”البعث الاسلامی“ کے مدیر کے انتقال پر ملال پر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کی تعزیت
نئی دہلی08اکتوبر(ہ س )۔
مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی کا انتقال ملک و ملت کا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، ان کی رحلت پر ملت اسلامیہ ہند سوگوار ہے، ہم دعا گو ہیں کہ رب کریم مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، یہ الفاظ دار العلوم ندوة العلمائ کے مہتمم، ممتاز عالم دین، عربی زبان و ادب کے نامور ادیب و و محقق اور مجلہ ’البعث الاسلامی‘ کے سابق مدیر مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی کی رحلت پر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کی تعزیت کے ہیں، مشاورت کے صدر فیروز احمد ایڈوکیٹ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم نے طویل عمر پائی اور اپنی حیات بابرکات کا بیشتر حصہ دین اور علم کو دیا، وہ دارالعلوم ندوة العلمائ جیسی عظیم دینی درسگاہ کے مہتمم کے منصب پر بیس سال سے زائد عرصے تک فائز رہے۔ انہوں نے تدریس، تصنیف، تحقیق اور صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ وہ ہندوستان اور دنیائے عرب کے درمیان علمی و ادبی تعلقات کی ایک مضبوط کڑی تھے، ندوة العلماءکے عربی مجلہ ”البعث الاسلامی“ سے ان کی طویل وابستگی ناقابل فراموش ہے، وہ ایک عرصہ دراز تک اس علمی جریدہ کے چیف ایڈیٹر بھی رہے۔ ان کی زندگی کا بڑا حصہ طلبہ کی تعلیم و تربیت اور عربی زبان و ادب کے فروغ کے لئے وقف رہا جس کے لئے ہندوستان اور ملت اسلامیہ ہند ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔
مشاورت نے دارالعلوم ندوة العلمائ اور مرحوم کے اہل خانہ کو ارسال کردہ اپنے تعزیتی پیغامات میں کہا ہے کہ مولانا مرحوم کی شخصیت علمی وقار، سادگی، تواضع، شفقت اور اخلاص کا اعلی نمونہ تھی۔ ملک و بیرون ملک کے علماءو طلبہ کی بڑی تعداد نے ان سے استفادہ کیا۔ ان کی تحریری، تدریسی اور صحافتی خدمات نے عربی زبان و ادب اور اسلامی فکر کے میدان میں بہت ہی گرانقدر علمی سرمایہ چھوڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی کا انتقال علمی و دینی حلقوں کے لیے ایک صدمہ ہے۔ ان کی وفات سے دارالعلوم ندوة العلمائ نے ایک ایسے عظیم عالم، استاد اور منتظم کو کھو دیا ہے جس نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ اور اپنی بہترین صلاحیتیں اس ادارے کو دیں اور اسے نئی بلندیوں سے ہمدوش کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais