
نئی دہلی، 8 اکتوبر (ہ س):۔
دارالحکومت دہلی میں ان دنوں دوپہر ہوتے ہی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوجاتی ہیں۔ اس کی وجہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر اپوزیشن کے ’انڈیا‘ اتحاد کا احتجاج ہے، جو جمعرات کو مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا۔ اسی سلسلے میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی جانب سے دیے گئے لنچ کے بعد لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سمیت اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ تین بسوں میں سوار ہوکر راج گھاٹ پہنچے۔
راج گھاٹ پہنچ کر اپوزیشن رہنماو¿ں اور ارکان پارلیمنٹ نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس کی جانب سے اس احتجاج کو پ±رامن مظاہرے کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا تھا کہ اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ راج گھاٹ جاکر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
اپوزیشن جماعتوں کا بنیادی اعتراض ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) اور انتخابی عمل سے متعلق ہے۔ اپوزیشن رہنماو¿ں نے ان معاملات کو لے کر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن اور بی جے پی نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔
اس سے قبل منگل اور بدھ کو بھی اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نے دہلی میں احتجاج کیا تھا۔ بدھ کے روز راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر اپوزیشن ارکان کو جنتر منتر کی جانب جاتے ہوئے پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔ جمعرات کو بھی دہلی پولیس نے راج گھاٹ پر بھیڑ جمع کرنے کے حوالے سے پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔ اس کے باوجود اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ اور ان کے حامی وہاں پہنچے اور اپنا احتجاج درج کرایا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ