
نئی دہلی، 07 اکتوبر (ہ س)۔
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی نو منتخب کپتان اسمرتی مندھانا نے سابق کپتان ہرمن پریت کور کو ان کی کامیاب کپتانی کے دور کے اختتام پر مبارکباد پیش کی۔ اسمرتی نے بدھ کے روز کہا کہ ایک دہائی تک ہرمن پریت کی قیادت میں کھیلنا ایک خوشگوار تجربہ رہا اور اب دونوں مل کر ملک کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔
ہرمن پریت نے منگل کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کی قیادت میں ہندوستان نے 2026 کے ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتا۔ اسمرتی اب 16 اکتوبر سے زمبابوے کے خلاف شروع ہونے والے دورے سے تمام فارمیٹس میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت سنبھالیں گی۔
اسمرتی نے اپنی سوشل میڈیا اسٹوری میں لکھا، ”اتنے برسوں تک آپ کے ساتھ کھیلنا میرے لیے خوشگوار رہا ہے۔ آپ کی قیادت کے یہ 10 سال شاندار رہے ہیں اور اب ہم مل کر اپنے ملک کے لیے مزید کئی کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔“
ہرمن پریت کی کپتانی کا سب سے بڑا کارنامہ 2025 میں سامنے آیا، جب انہوں نے ہندوستان کو پہلی بار خواتین کے یک روزہ (ون ڈے) ورلڈ کپ کا خطاب دلوایا۔ ہرمن پریت نے 2016 میں پہلی بار ٹی-20 انٹرنیشنل میں ہندوستان کی کپتانی سنبھالی تھی۔ 2022 میں متھالی راج کی ریٹائرمنٹ کے بعد وہ ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی کل وقتی کپتان بنیں۔ ورلڈ کپ کی فتح کے ساتھ وہ 50 اوورز کے ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے والی کپل دیو اور مہندر سنگھ دھونی کے بعد تیسری ہندوستانی کپتان بنیں۔
ہرمن پریت نے 2018 اور 2023 کے ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کو سیمی فائنل تک پہنچایا، جبکہ 2020 میں ٹیم کو فائنل میں لے گئیں۔ انہوں نے ریکارڈ 155 ٹی-20 انٹرنیشنل میچوں میں ہندوستان کی کپتانی کی اور بین الاقوامی کرکٹ میں 150 سے زیادہ میچوں میں قیادت کرنے والی پہلی مرد یا خاتون کپتان بنیں۔ انہوں نے پانچ ٹیسٹ اور 51 یک روزہ میچوں میں بھی ہندوستان کی قیادت کی۔ 2022 کے دولتِ مشترکہ کھیلوں (کامن ویلتھ گیمز) میں ان کی زیرِ قیادت ہندوستان نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے علاوہ ان کی کپتانی میں ہندوستان نے مسلسل دوسری بار ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔
ہرمن پریت کی قیادت میں ہندوستانی خواتین کرکٹ نے بڑھتی ہوئی عالمی شناخت اور کئی تاریخی کامیابیوں کا دور دیکھا۔ اب اسمرتی مندھانا زمبابوے کے دورے سے ہندوستانی خواتین ٹیم کی نئی باضابطہ کپتان کے طور پر اپنے دور کا آغاز کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن