
علی گڑھ, 07 اکتوبر(ہ س).
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلز میں نئی اسٹوڈنٹس کونسل کی حلف برداری تقریب منعقد کی گئی اور اسپورٹس ہفتہ کا آغاز ہوا۔ پروفیسر قدسیہ تحسین، ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو نے بطور مہمان اعزازی اور پروفیسر وبھا شرما، ممبر انچارج، دفتر رابطہ عامہ نے مہمان ذی وقار کے طور پر تقریب میں شرکت کی۔ پروفیسر قدسیہ تحسین نے طالبات پر زور دیا کہ وہ خود اعتمادی، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے احساس کو پروان چڑھائیں اور ہم نصابی و کھیلوں کی سرگرمیوں میں فعال شرکت کو اپنی ہمہ جہت ترقی کا لازمی حصہ بنائیں۔ انہوں نے اسٹوڈنٹس کونسل کے نئے عہدیداروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے طرز عمل سے مثال قائم کریں، اپنی ذمہ داریاں ایمانداری کے ساتھ ادا کریں اور باہمی تعاون سے کام کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکول میں قیادت کے مواقع طالبات میں خود اعتمادی، فیصلہ سازی کی صلاحیت اور خدمت کا جذبہ پیدا کرنے میں معاون ثابت ہونے چاہئیں۔
کھیلوں کے ہفتہ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے پروفیسر وبھا شرما نے طالبات کو جوش و خروش کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لینے اور ٹیم ورک، ثابت قدمی اور کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نظم و ضبط، ثابت قدمی اور صحت مند مسابقت کے حوالے سے قیمتی سبق دیتے ہیں ۔ انہوں نے طالبات کو اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حریفوں کا احترام کرنے اور کھیل کے حقیقی جذبے کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے طالبات پر یہ بھی زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی، ثقافتی اور جسمانی ترقی کے لیے اسکول کی جانب سے فراہم کیے جانے والے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں۔ کھیل ہفتہ کے تحت پرائمری سیکشن کی طالبات کے لیے ریلے ریس اور کھو کھو اور سینئر سیکشن کے لیے آرم ریسلنگ، رسہ کشی اور دوڑ شامل ہیں۔ اس سے قبل مہمانوں، اساتذہ اور طالبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے وائس پرنسپل ڈاکٹر صبا حسن نے قیادت، ذمہ داری، نظم و ضبط اور عزم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اسٹوڈنٹس کونسل میں جماعت دہم اے 1 کی عافیہ خان کو ہیڈ گرل، جبکہ جماعت دہم اے 5 کی ناہید اور زویلا کو ڈپٹی ہیڈ گرلز مقرر کیا گیا۔ جماعت دہم اے 1کی بھومی راجپوت ، جماعت دہم اے 5 کی انامیکا راگھو ، جماعت دہم اے 3 کی فرحین اورجماعت دہم اے 3 کی تنشکا ورما کو بالترتیب یوریکا، نووا، اگنس اور ویلور ہاؤسز کا کیپٹن مقرر کیا گیا۔ جماعت دہم اے 1 کی عمرہ خان کو اسپورٹس کیپٹن مقرر کیا گیا۔ طالبات نے عہدے کا حلف اٹھایا اور اپنی ذمہ داریاں خلوص و لگن کے ساتھ ادا کرنے کا عہد کیا۔
اسٹوڈنٹس کونسل اور ہاؤسز کے ارکان کی مارچ پاسٹ کے بعد پی ٹی ڈِرِل پیش کی گئی، جس میں جسمانی فٹنس، باہمی ہم آہنگی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ کوآرڈنیٹر ڈاکٹر فرحت پروین کے علاوہ اسپورٹس انچارج جناب شمشاد نثار اور جناب ذیشان نواب، ہاؤس انچارجز اور ایونٹ انچارجز نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ