اے ایم یو کے ویمنس کالج میں طالبات کے لیے دیکشارمبھ، انڈکشن پروگرام کا اہتمام
علی گڑھ, 07 اکتوبر (ہ س). علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج نے نو وارد انڈر گریجویٹ طالبات کے لیے انڈکشن پروگرام ‘دیکشارمبھ 2026’ کا اہتمام کیا، جس کا مقصد انہیں ادارے، اس کی اقدار، تعلیمی ماحول اور ذاتی نشوونما کے مواقع سے واقف کرانا تھا۔ کالج
دیکشارمبھ


علی گڑھ, 07 اکتوبر (ہ س).

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ویمنس کالج نے نو وارد انڈر گریجویٹ طالبات کے لیے انڈکشن پروگرام ‘دیکشارمبھ 2026’ کا اہتمام کیا، جس کا مقصد انہیں ادارے، اس کی اقدار، تعلیمی ماحول اور ذاتی نشوونما کے مواقع سے واقف کرانا تھا۔ کالج آڈیٹوریم میں منعقدہ اس پروگرام میں تقریباً 500 طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔

ویمنس کالج کی پرنسپل پروفیسر شگفتہ امتیاز نے طالبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کالج کے بانی شیخ عبداللہ اور ان کی اہلیہ و شریک بانی محترمہ وحید جہاں کی تعلیمی اقدار اور وژن پر روشنی ڈالی۔

شعبہ سرجری کے سابق چیئرمین پروفیسر امان اللہ نے ادارے کی تاریخ اور ارتقا پر گفتگو کرتے ہوئے محنت، نظم و ضبط، مثبت سوچ، خود اعتمادی، مؤثر ابلاغ اور مسلسل سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ویمنس کالج کے اساتذہ کے مشفقانہ اور معاون کردار کو بھی سراہا۔

سر سید اکیڈمی کے ڈائریکٹر ، ساہتیہ اکادمی ایوارڈ یافتہ پروفیسر شافع قدوائی نے سر سید احمد خان کی زندگی اور خدمات پر خطاب کیا۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے سر سید کے وژن کو اجاگر کیا اور طالبات پر زور دیا کہ وہ واضح اہداف مقرر کریں، نظم و ضبط کو برقرار رکھیں اور کالج میں گزارے جانے والے اپنے وقت سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے ٹکنالوجی کی ترقی کے دور میں اساتذہ کے بدلتے ہوئے کردار اور استاد و طالب علم کے صحت مند تعلق کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

داخلی شکایات کمیٹی (آئی سی سی) کی پریزائیڈنگ آفیسر پروفیسر ثمینہ خان نے طالبات سے صنفی حساسیت کے موضوع پر خطاب کیا اور مساوات، باہمی احترام، وقار اور حساسیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جنسی ہراسانی کے واقعات کی اطلاع دیں اور محفوظ و مساوی ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر محمد فیروز احمد نے کی۔ مس زینب فاطمہ اور حوریہ خان نے بالترتیب تلاوت اور ترجمہ پیش کیا۔ پروفیسر نکہت یاسمین شفیق نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande