
نئی دہلی، 7 اکتوبر (ہ س)۔ انڈیا موبائل کانگریس (آئی ایم سی) کا 10واں ایڈیشن بدھ کو نئی دہلی کے یشو بھومی کنونشن سینٹر میں شروع ہوگیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو اس کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ 10 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں 6جی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سیٹلائٹ کمیونیکیشن، سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہونے والے نئے تجربات اور اختراعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس سال آئی ایم سی کی تھیم ’اسکیل وِد آؤٹ باؤنڈریز‘ رکھی گئی ہے۔ پروگرام میں 100 سے زائد ممالک کے وفود، 1.50 لاکھ سے زیادہ شرکاء، 300 سے زائد نمائش کنندگان و شراکت دار اور تقریباً 500 اسٹارٹ اپس حصہ لے رہے ہیں۔ 400 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات اور تکنیکی اختراعات پیش کریں گی۔ محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن اور سیلولر آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (سی او اے آئی) مشترکہ طور پر اس کا انعقاد کر رہے ہیں۔
آئی ایم سی 2026 کے چار اہم ستون ’سِرشٹی، سَنوَردھن، سَشَکت اور سُرکشا‘ ہیں۔ سِرشٹی کے تحت 6جی، اے آئی پر مبنی ٹیلی کام نیٹ ورک، ایج اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ، کوانٹم کمیونیکیشن اور سیمی کنڈکٹر جیسی اگلی نسل کی ٹیکنالوجیز پر توجہ دی جا رہی ہے۔ سَنوَردھن کے تحت 5جی کے تجارتی استعمال، سیٹلائٹ کمیونیکیشن، ڈائریکٹ ٹو ڈیوائس کنیکٹیویٹی، ٹیلی کام مینوفیکچرنگ اور روبوٹکس پر تبادلہ خیال ہوگا۔
سَشَکت کے تحت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی پائیدار توسیع، گرین ٹیلی کام، توانائی کی بچت اور ای ویسٹ مینجمنٹ جیسے موضوعات شامل ہیں۔ سُرکشا کے ستون میں سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل ٹرسٹ، ڈیٹا پرائیویسی، ذمہ دار اے آئی، اسپیم اور سائبر فراڈ کی روک تھام اور سمندر کے نیچے بچھائی گئی انٹرنیٹ کیبلز کی حفاظت پر غور کیا جائے گا۔
آئی ایم سی سے قبل وزیر اعظم نے گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشنز ایسوسی ایشن (جی ایس ایم اے) کے بورڈ اراکین سے ملاقات کی۔ انہوں نے سائبر فراڈ سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے باقاعدگی سے الرٹ پیغامات بھیجنے اور ڈیپ فیک و اے آئی سے تیار کردہ مواد کے اصل ماخذ کی شناخت کے لیے مؤثر نظام تیار کرنے پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے نئی ٹیکنالوجیز کے لیے عالمی سطح پر یکساں ضوابط بنانے کی ضرورت بھی بتائی۔
جی ایس ایم اے کے اراکین نے ہندوستان میں 4جی اور 5جی کے تیز رفتار پھیلاؤ اور مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعریف کرتے ہوئے 5جی، 6جی، اے آئی اور سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے شعبوں میں تعاون کی خواہش ظاہر کی۔
آئی ایم سی میں 6جی پر خصوصی کانفرنس بھی منعقد کی جا رہی ہے، جس میں 6جی کے معیارات اور اسپیکٹرم کی ضروریات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ ہندوستان میں 5جی کے تیز رفتار پھیلاؤ کے بعد اب اگلی نسل کی موبائل ٹیکنالوجی کی ترقی اور عالمی معیارات میں ہندوستان کی شمولیت پر زور دیا جا رہا ہے۔
سیٹلائٹ کمیونیکیشن بھی کانفرنس کا اہم موضوع ہے۔ ڈائریکٹ ٹو ڈیوائس ٹیکنالوجی کے ذریعے موبائل فونز تک سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی پہنچانے اور ہندوستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ خدمات کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد