
فرید آباد، 7 اکتوبر (ہ س)۔ سائبر پولیس اسٹیشن سنٹرل پولیس نے فرید آباد میں اڈانی گیس کا بل جمع کرنے کے نام پر اے پی کے فائلیں بھیج کر 5,12,334 روپے کی سائبر فراڈ میں ملوث ایک بین ریاستی گینگ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس نے جھارکھنڈ سے اس معاملے میں سات ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے 10 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس اب ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے تاکہ گینگ اور دھوکہ دہی کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کا پتہ لگایا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، سائبر، اشوک کمار نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سیکٹر-37 کے رہائشی ایک بزرگ شخص نے سائبر پولیس اسٹیشن سینٹرل میں شکایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے فون پر ایک ٹیکسٹ میسج موصول ہوا ،جس میں انہپیں اڈانی گیس کا بل جمع کرانے کو کہا۔
پیغام میں خبردار کیا گیا کہ اگر بل وقت پر جمع نہ کیا گیا تو گیس کا کنکشن منقطع ہو جائے گا۔ ایک رابطہ فون نمبر بھی فراہم کیا گیا تھا۔ شکایت کنندہ نے پیغام میں مذکور نمبر پر رابطہ کیا۔ سائبر بدمعاشوں نے تبھی انہیں ایک اے پی کے فائل بھیجی۔ الزام ہے کہ فائل کے ذریعے دھوکے بازوں نے ان کا موبائل فون ہیک کرلیا اور ان کے کھاتے سے 5,12,334 روپے نکال لیے۔ معاملہ کی تحقیقات کے دوران سائبر پولیس اسٹیشن سنٹرل پولیس نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر گینگ سے وابستہ ملزم کی شناخت کی۔ پولیس کی ٹیم کارروائی میں لگ گئی اور ساتوں ملزموں کو جھارکھنڈ سے گرفتار کر لیا۔
تفتیش سے پتہ چلا کہ ملزم منظم طریقے سے لوگوں کو سائبر فراڈ کے لیے نشانہ بناتا تھا۔ پولیس کو ملزم کے قبضے سے 10 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا بھی مل گیا ہے۔ پولیس اب یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ ڈیٹا ملزم تک کہاں سے پہنچا اور اسے کتنے لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے استعمال کیا گیا۔ پولیس ملزم سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور گینگ کے دیگر ارکان کے بارے میں معلومات اکٹھا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ دھوکہ دہی میں استعمال ہونے والے بینک اکاؤنٹس، موبائل نمبرز اور دیگر ذرائع کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس یہ بھی معلوم کر رہی ہے کہ ملزموں نے اب تک کتنے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی