دہلی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں شمال مشرقی ریاست کی لڑکی سے مبینہ بدسلوکی، مقدمہ درج
نئی دہلی، 6 اکتوبر (ہ س)۔ دہلی کے چانکیہ پوری علاقے میں واقع ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی پارکنگ میں شمال مشرقی ریاست سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی اور اسے زبردستی کار میں کھینچنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطاب
CRIME-MOLESTATION-GIRL-DELHI


نئی دہلی، 6 اکتوبر (ہ س)۔ دہلی کے چانکیہ پوری علاقے میں واقع ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی پارکنگ میں شمال مشرقی ریاست سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر بدسلوکی اور اسے زبردستی کار میں کھینچنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق ناگالینڈ کی رہنے والی لڑکی اپنے ایک دوست کے ساتھ چانکیہ پوری کے فائیو اسٹار ہوٹل گئی تھی۔ اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے تین بجے وہ اپنے دوستوں کے ساتھ واش روم سے واپس آ رہی تھی کہ اسی دوران سفید رنگ کی مرسڈیز کار میں سوار تین نوجوان وہاں پہنچے۔ شکایت کے مطابق نوجوانوں نے لڑکی کو روک لیا اور مبینہ طور پر اس کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے اسے زبردستی اپنی کار میں کھینچنے کی کوشش کی۔

لڑکی کے دوستوں آیوش، ادبھو اور سمرتھ نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی۔ الزام ہے کہ اس کے بعد تینوں نوجوانوں نے ہاکی اسٹک اور لوہے کی سلاخ نکال لی اور لڑکی کے دوستوں پر حملہ کر دیا۔ واقعے میں آیوش کے دانت کو چوٹ لگی، جبکہ ادبھو اور سمرتھ کے ساتھ بھی ملزمان نے مارپیٹ کی۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، تاہم اس سے پہلے ہی ملزمان اپنی مرسڈیز کار لے کر فرار ہو چکے تھے۔ شکایت کنندہ نے کار کا رجسٹریشن نمبر نوٹ کر لیا تھا۔ پولیس نے اسی معلومات کی بنیاد پر کار اور اس میں سوار نوجوانوں کی شناخت کی کوشش شروع کر دی۔

پولیس نے لڑکی کو طبی معائنے کے لیے آر ایم ایل اسپتال بھیجا۔ لڑکی کی شکایت اور طبی رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس ہوٹل کی پارکنگ اور آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، طبی رپورٹ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق تمام حقائق اور الزامات کی تصدیق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande