
علی گڑھ, 07 اکتوبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ عربی نے طلبہ کی انجمن ‘النادی العربی’ کے زیر اہتمام ایک توسیعی خطبے کا اہتمام کیا۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے شعبہ عربی کے سابق صدر پروفیسر نسیم اختر نے ‘عربی عروض کے بنیادی اصول’ کے موضوع پر عربی زبان میں خطبہ دیا۔
پروفیسر اختر نے طلبہ کو علمِ عروض کی اہمیت، تاریخ اور بنیادی اصولوں سے روشناس کرایا اور عملی مشقوں کے ذریعہ اس کی اصطلاحات، تقطیع اور عروضی علامات کی وضاحت کی۔ انہوں نے عربی اور اردو عروض کے بنیادی مماثل پہلوؤں اور اختلافات کا بھی تقابلی جائزہ پیش کیا اور علمِ قوافی سے بھی واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ عروض ابتدا میں مشکل معلوم ہو سکتا ہے، تاہم منظم مطالعے کے ذریعہ اسے آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے اور یہ ایک دلچسپ علم ہے۔
شعبہ عربی کے صدر پروفیسر محمد فیضان بیگ نے مہمان مقرر کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ ممتاز اہلِ علم کی مہارت سے استفادہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ موجودہ تعلیمی سال کے لئے مقررہ سلسلۂ خطبات کی پہلی کڑی ہے اور زبان و ادب کے ماہرین کے مزید خطبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
ریسرچ اسکالر محمد شاہد نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جب کہ بی اے ، سال چہارم کی طالبہ زرین نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔ ڈاکٹر عبدالجبار، ڈاکٹر عرفات ظفر، ڈاکٹر شبیر احمد، ڈاکٹر ابوذر متین، ڈاکٹر عبد الہادی اور ڈاکٹر سمیرا اجمل کے علاوہ ریسرچ اسکالرز اور دیگر طلبہ نے پروگرام میں شرکت کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ