
علی گڑھ, 07 اکتوبر (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے ‘صحت مند خاتون، بااختیار کنبہ مہم’ کے تحت شہری صحت تربیتی مرکز (یو ایچ ٹی سی) میں خواتین کے لیے ایک طبی کیمپ ، شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی صدر پروفیسر عظمیٰ ارم کی قیادت اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر علی جعفر عابدی کی رہنمائی میں منعقد کیا۔
کیمپ میں 21 بچوں، 120 بالغ افراد اور 11 بزرگ افراد پر مشتمل 152 مستفیدین کی جانچ کی گئی۔ اس میں ہیموگلوبین ، شوگر، اور پیشاب کی معمول کی جانچ شامل تھی۔ اس میں سے 139، یعنی 91.4 فیصد افراد میں خون کی کمی پائی گئی۔ شوگر کے عدم توازن کے شکار افراد کو مزید طبی جانچ کا مشورہ دیا گیا۔
شہری صحت تربیتی مرکز کی لیڈی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر صبوحی افضل نے صحت سے متعلق ایک بیداری سیشن بھی منعقد کیا، جس میں آئرن اور پروٹین سے بھرپور غذاؤں کی اہمیت، سرطان سے بچاؤ اور اس کی بروقت تشخیص، پستان کا خود سے معائنہ، ایچ پی وی ٹیکہ کاری، مناسب طبی جانچ اور محفوظ پینے کے پانی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ