
نئی دہلی، 5 اکتوبر (ہ س)۔ تجربہ کار تیز گیند باز بھونیشور کمار آئندہ ہانگ کانگ سکسز-2026 میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم میں بھونیشور کے علاوہ کرونال پانڈیا، ششانک سنگھ، راہل تیوتیا، نتیش رانا، راہل ترپاٹھی اور ٹی نٹراجن کو شامل کیا گیا ہے۔
ہانگ کانگ سکسز چھ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا جانے والا تیز رفتار فارمیٹ ہے، جس میں کھلاڑیوں کو اپنی تال قائم کرنے کے لیے زیادہ وقت نہیں ملتا۔ مقابلے تیز رفتار اور زیادہ اسکور والے ہوتے ہیں اور جارحانہ کرکٹ پر زور رہتا ہے۔ بلے بازوں کو کھل کر شاٹس کھیلنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، جبکہ ہر کھلاڑی سے گیند بازی اور فیلڈنگ سمیت تمام شعبوں میں اپنا کردار ادا کرنے کی توقع کی جاتی ہے۔
ہندوستانی ٹیم ہانگ کانگ سکسز میں بہتر کارکردگی کے ارادے سے واپسی کرے گی۔ ہندوستان نے 2025 کی مہم کا آغاز پاکستان کے خلاف ڈک ورتھ-لوئس-سٹرن (ڈی ایل ایس) ضابطے کے تحت دو رن کی جیت سے کیا تھا، لیکن اس کے بعد کے مقابلوں میں شکست کے ساتھ اس کی مہم ختم ہوگئی تھی۔
پاکستان 2026 ایڈیشن میں دفاعی چیمپئن کے طور پر میدان میں اترے گا۔ اس نے گزشتہ سال فائنل میں پہلی بار پہنچنے والے کویت کو شکست دے کر ہانگ کانگ سکسز کا ریکارڈ چھٹا خطاب اپنے نام کیا تھا۔
اس ایڈیشن میں آٹھ بڑے کرکٹ ممالک کے علاوہ چار ایسوسی ایٹ رکن ممالک بھی حصہ لیں گے۔ تین روزہ ٹورنامنٹ میں ٹن کوانگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ پر تیز رفتار اور جارحانہ کرکٹ کا سنسنی خیز نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد