
ممبئی، 30 اکتوبر (ہ س)۔ نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’رامائن‘ کے حوالے سے شائقین کا تجسس مسلسل بڑھ رہا ہے۔ فلم میکرز نے اداکارہ رکل پریت سنگھ کا شرپنکھا کے روپ میں پہلا لک جاری کر دیا ہے۔
پوسٹر میں رکل جن استھان کی شہزادی شرپنکھا کے شاہانہ انداز میں نظر آ رہی ہیں۔ ان کا لباس، سونے کے زیورات اور سر پر سجا ہوا دلکش تاج نما زیور اس کردار کی شاہانہ شخصیت کو ظاہر کرتا ہے۔ فلم میکرز نے پوسٹر شیئر کرتے ہوئے انہیں جن استھان کی شہزادی کے طور پر متعارف کرایا ہے۔
فلم کا حصہ بننے اور شرپنکھا کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے رکل نے اسے اپنے لیے ایک خاص تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس رزمیہ داستان میں شرپنکھا کا کردار انتہائی اہم ہے اور ایک فنکار کی حیثیت سے اس کی دنیا کو سمجھنا اور پردہ سیمیں پر پیش کرنا ان کے لیے ایک شاندار سفر رہا ہے۔ رکل کے مطابق، نسل در نسل لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے والی اور ہندوستانی ثقافت سے گہرا تعلق رکھنے والی اس کہانی کا حصہ بننا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے فلم میں اپنے روپ اور اداکاری کو شائقین کے سامنے پیش کرنے کے حوالے سے بھی جوش و خروش کا اظہار کیا۔
’رامائن‘ کی کہانی میں راون کی بہن شرپنکھا کا اہم کردار ہے۔ بن واس کے دوران بھگوان رام اور لکشمن سے اس کا سامنا ہونا داستان کا ایک اہم موڑ ثابت ہوتا ہے، جس کے بعد رام اور راون کے درمیان تصادم کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ فلم میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا، یش راون، سنی دیول ہنومان اور روی دوبے لکشمن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
نمت ملہوترا کے پرائم فوکس اسٹوڈیوز نے ڈی این ای جی اور یش کی مونسٹر مائنڈ کریشنز کے اشتراک سے اس فلم کو تیار کیا ہے۔ دو حصوں میں بننے والی یہ فلم ہندی، تمل، تیلگو، کنڑ اور ملیالم زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔ اس کا پہلا حصہ 5 نومبر 2026 اور دوسرا حصہ دیوالی 2027 کے موقع پر دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگا۔ فلم کو آئی میکس فارمیٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد