
کانپور، 3 اکتوبر (ہ س)۔ کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن کے قریب جی آر پی اور آر پی ایف کی مشترکہ چیکنگ کے دوران ہفتہ کو ایک نوجوان کو غیر قانونی انگریزی شراب کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے مختلف برانڈز کی 25 بوتلیں برآمد ہوئی ہیں، جن کی قیمت ایک لاکھ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔
آر پی ایف پوسٹ کے انچارج سدھ ناتھ پاٹیدار نے بتایا کہ ریلوے میں چوری کے واقعات کے ساتھ ساتھ غیر قانونی شراب اور منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے خصوصی چیکنگ مہم چلائی جا رہی ہے۔ ہریش گنج پل سے آگے سی پی سی واشنگ لائن کی جانب جانے والے کچے راستے پر پاور ہاو¿س کے قریب ٹیم چیکنگ کر رہی تھی۔ اسی دوران ایک مشتبہ نوجوان کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ اس کے بیگ سے مختلف کمپنیوں کی 25 بوتلیں انگریزی شراب برآمد ہوئیں۔
گرفتار نوجوان کی شناخت دیپک کمار، ساکن نکَس پور، پوسٹ اکھا بشن پور، تھانہ اجیارپور، ضلع سمستی پور، بہار کے طور پر ہوئی ہے۔
جی آر پی انچارج اوم نارائن سنگھ نے بتایا کہ برآمد شدہ شراب کی مجموعی مقدار 18 لیٹر 750 ملی لیٹر ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم یہ شراب ہریانہ سے ٹرین کے ذریعے بہار لے جانے کی تیاری کر رہا تھا۔ مشترکہ ٹیم نے شراب قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد