فوڈ سیفٹی میں سنگین خامیاں، ٹی سی ایف چاکلیٹس اینڈ گفٹس کا لائسنس معطل
نئی دہلی، 3 اکتوبر (ہ س)۔ بھارتی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) نے میسرز ٹی سی ایف چاکلیٹس اینڈ گفٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کا فوڈ لائسنس فوری اثر سے معطل کردیا ہے۔ یہ کارروائی ای کامرس پلیٹ فارم کے ذریعے منگوائی گئی غذائی اشیا سے مت
فوڈ سیفٹی میں سنگین خامیاں، ٹی سی ایف چاکلیٹس اینڈ گفٹس کا لائسنس معطل


نئی دہلی، 3 اکتوبر (ہ س)۔ بھارتی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) نے میسرز ٹی سی ایف چاکلیٹس اینڈ گفٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کا فوڈ لائسنس فوری اثر سے معطل کردیا ہے۔ یہ کارروائی ای کامرس پلیٹ فارم کے ذریعے منگوائی گئی غذائی اشیا سے متعلق صارف کی شکایت کے بعد کیے گئے معائنے میں فوڈ سیفٹی سے متعلق سنگین خامیاں پائے جانے پر کی گئی۔ایف ایس ایس اے آئی نے ہفتہ کو بتایا کہ کمپنی کے معائنے کے دوران احاطے میں صفائی اور حفظانِ صحت کی صورتحال خراب پائی گئی۔ فوڈ پروسیسنگ والے علاقوں میں مناسب صفائی نہیں تھی، کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے نہیں لگایا جا رہا تھا اور احاطے کی دیکھ بھال بھی اطمینان بخش نہیں پائی گئی۔ معائنے میں فوڈ پروسیسنگ والے علاقوں میں کیڑوں کی موجودگی اور ان پر قابو پانے کے لیے ناکافی انتظامات کا بھی انکشاف ہوا۔ احاطے میں بلی کا فضلہ اور کھلی نالیاں بھی پائی گئیں۔ اس کے علاوہ زائد المیعاد فوڈ کلر اور فلیور بھی ملے۔ صفائی میں استعمال ہونے والے کیمیکلز کو خام مال اور غذائی اشیا کے قریب رکھا گیا تھا۔معائنے کے دوران غذائی اشیا سنبھالنے والے ملازمین کے لیے ضروری حفظانِ صحت اور حفاظتی اقدامات بھی ناکافی پائے گئے۔ غذائی اشیا کی ہینڈلنگ بھی اطمینان بخش حفظانِ صحت کے حالات میں نہیں کی جا رہی تھی۔

کمپنی معائنے کے دوران لازمی فوڈ سیفٹی ریکارڈ بھی پیش نہیں کرسکی۔ ان میں پیسٹ کنٹرول، صفائی، ملازمین کے طبی معائنے، تربیت، آلات کی کیلیبریشن، لیبارٹری ٹیسٹنگ اور آڈٹ سے متعلق ریکارڈ شامل ہیں۔ایف ایس ایس اے آئی کے مطابق گزشتہ معائنے کے دوران بھی ضروری دستاویزات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے فوڈ بزنس آپریٹر (ایف بی او)کو محض 14 فیصد کمپلائنس اسکور ملا تھا۔

معائنے کے دوران غذائی مصنوعات کی لیبلنگ میں بھی خامیاں پائی گئیں۔ مصنوعات کے نام اور ان کی شناخت سے متعلق مناسب معلومات درج نہیں کی گئی تھیں۔ غذائی اشیا کی منتقلی کے لیے استعمال کیے جانے والے بعض پلاسٹک پائپ فوڈ کانٹیکٹ کے لیے موزوں ہیں یا نہیں، اس کا بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔اتھارٹی نے واضح ہدایت دی ہے کہ لائسنس معطل رہنے کے دوران کمپنی اپنی تمام غذائی کاروباری سرگرمیاں بند رکھے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande