
نئی دہلی، 3 اکتوبر (ہ س)۔ یوتھ کانگریس نے دہلی ہائی کورٹ میں عرضی دائر کرکے جنتر منتر پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کی اجازت نہ دینے کے دہلی پولیس کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔ یہ عرضی یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب نے دائر کی ہے۔ہائی کورٹ آئندہ ہفتے اس عرضی پر سماعت کرے گی۔
چب نے دہلی پولیس کے یکم اکتوبر کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے، جس میں ان کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ یوتھ کانگریس نے 25 ستمبر کو تقریباً 100 سے 150 افراد کے ساتھ پُرامن احتجاج کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ یوتھ کانگریس نے دہلی پولیس کو دی گئی اپنی درخواست میں کہا تھا کہ وہ سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، نظم و ضبط اور عوامی نظم و نسق برقرار رکھنے سے متعلق تمام قانونی شرائط کی پابندی کرے گی۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ بار بار رابطہ کرنے کے باوجود پولیس نے یکم اکتوبر کو ہی اجازت نہ دینے کی اطلاع دی، جبکہ احتجاج کے لیے یہ تاریخ پہلے سے مجوزہ تھی۔ عرضی میں دلیل دی گئی ہے کہ اجتماعات کو منظم کرنے کے پولیس کے اختیار کا مطلب یہ نہیں ہے کہ حالات کا الگ الگ اور مناسب جائزہ لیے بغیر مکمل پابندی عائد کردی جائے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ دہلی پولیس کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 19(1)(اے) اور 19(1)(بی ) کے تحت اظہار رائے کی آزادی اور پرامن طور پر جمع ہونے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ احتجاج اور اجتماعات سے متعلق رہنما اصولوں کو بغیر مناسب غور و فکر کے نافذ کرنا من مانا اقدام ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد