
ممبئی، 3 اکتوبر (ہ س)۔ سلمان خان کی آنے والی وار ڈرامہ فلم ’ماتروبھومی‘ کافی عرصے سے اپنی ریلیز کو لے کر خبروں میں ہے۔ نام میں تبدیلی، ٹیزر پر ردعمل اور کئی بار ریلیز ملتوی ہونے کے بعد اب فلم کے حوالے سے نئی اطلاع سامنے آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، وزارت اطلاعات و نشریات نے فلم کے نئے ورژن کو منظوری دیتے ہوئے گزشتہ ہفتے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کر دیا ہے۔ فلم کا نیا ورژن ابتدائی کہانی سے خاصا مختلف ہے اور اس میںہندوستان اور چین کے تعلقات کا مثبت پہلو بھی دکھایا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ’ماتروبھومی‘ کی ابتدائی کہانی گلوان وادی میں ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ کے پس منظر پر مبنی تھی۔ چین کے حوالے سے فلم کو سرکاری منظوری حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، وزارت دفاع کے اعتراضات کے بعد فلم کے کچھ حصوں میں تبدیلیاں کی گئیں اور کئی مناظر دوبارہ فلمائے گئے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نئے ورژن میں ہندوستان اور چین کے تعلقات کو ایک مختلف نقطہ نظر سے پیش کیا گیا ہے۔ تاہم، پروڈیوسرز کی جانب سے ان دعوو¿ں کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں کی گئی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کی نئی ریلیز تاریخ 13 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ سلمان خان اور ان کی ٹیم دیوالی کے بعد فلم کو سنیما گھروں میں ریلیز کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ تاہم، اس کے لیے مرکزی فلم سرٹیفیکیشن بورڈ (سی بی ایف سی) سے سرٹیفکیٹ ملنا ابھی باقی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پروڈیوسرز جلد ہی فلم کو سنسر بورڈ کے پاس جمع کرائیں گے۔ اگر اسی ماہ سرٹیفکیٹ مل جاتا ہے تو ’ماتروبھومی‘ 13 نومبر کو ریلیز ہو سکتی ہے۔ فلم کی حتمی ریلیز کے حوالے سے آئندہ چند دنوں میں صورت حال واضح ہونے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد