
ممبئی، 2 اکتوبر (ہ س)۔
اداکارہ تنیشا مکھرجی تقریباً پانچ سال بعد بڑے پردے پر واپسی کرنے جا رہی ہیں۔ وہ ہدایت کار کپل کوستبھ شرما کی فلم ’زندگی پھر بھی خوبصورت ہے‘ میں نظر آئیں گی۔ ممبئی کی پارسی برادری کے پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم 1990 کی دہائی سے 2025 تک کا سفر پیش کرتی ہے۔ کہانی میں بدلتے وقت کے ساتھ رشتوں، جذبات اور زندگی کے مختلف پہلوو¿ں کو رومانس اور مزاح کے امتزاج کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
فلم میں تنیشا کا کردار زندگی کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے۔ ہدایت کار کپل کے مطابق، اس کردار کے لیے تنیشا کا انتخاب ان کی جذباتی گہرائی اور مختلف عمروں کے کردار کو مو¿ثر انداز میں ادا کرنے کی صلاحیت کے پیش نظر کیا گیا۔ فلم کو حقیقت سے قریب رکھنے کے لیے جنوبی ممبئی اور دادر پارسی کالونی کے حقیقی پارسی گھروں میں شوٹنگ کی گئی ہے۔ کپل نے پارسی برادری کے لوگوں کے ساتھ مل کر ان کی ثقافت اور طرزِ زندگی کو سمجھنے کی بھی کوشش کی ہے۔
فلم میں تنیشا کے ساتھ سشمتا مکھرجی، کیتو گڈوانی، ڈیلناز ایرانی، تناز ایرانی، ڈولی ٹھاکور اور اننیا دتہ سمیت کئی فنکار نظر آئیں گے۔ کپل فلم کے مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسر ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں اداکاری بھی کر رہے ہیں۔ فلم کا نام 1978 کی فلم ’کھٹا میٹھا‘ کے معروف گیت سے متاثر ہو کر رکھا گیا ہے۔ ’زندگی پھر بھی خوبصورت ہے‘ کو سینما گھروں میں ریلیز کرنے سے قبل بین الاقوامی فلمی میلوں میں بھی پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ